وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے تونسہ کو ضلع کادرجہ دے دیا
لاہور15دسمبر:…… وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے ایک اوربڑااقدام کرتے ہوئے تونسہ کو ضلع کادرجہ دینے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ڈیرہ غازی خان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے مطالبے پرتونسہ کو ضلع کا درجہ کیلئے فوری اقدام کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں ڈیرہ غازی خان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ملاقات کرنیوالوں میں خواجہ شیرازمحمود،محمد خان لغاری،سیف الدین کھوسہ، سردار محمد محی الدین کھوسہ،جاوید اختر لنڈ، مخدوم رضا،علی رضادریشک، رائے ظہور شامل تھے۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب محمد خا ن بھٹی بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعلیٰچودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں نے 2005میں تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے کااعلان کیا تھا۔2005 میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان ایم این اے خواجہ شیراز کے بہت بڑے جلسے میں کیا تھا۔اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تونسہ کو ضلع کادرجہ دینے کی حتمی منظوری بھی میں نے دی ہے۔ تونسہ کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتا ہوں۔ چند ماہ کے قلیل عرصے میں تونسہ پانچواں نیا ضلع ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں مری، وزیرآباد،تلہ گنگ اور کوٹ ادو کو ضلع کا درجہ دیا جاچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع بننے سے تونسہ کے انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔ تعلیم،صحت اوردیگر سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔ فیصلہ ارکان اسمبلی اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھ کر کیاہے۔ اراکین اسمبلی نے تونسہ کو ضلع کا درجہ دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے اظہار تشکرکیا اور کہا کہ آپ کا یہ فیصلہ تونسہ کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے اور تونسہ شریف کے ضلع بننے سے علاقے کے عوام کی محرومیاں دور ہوں گی۔