عوام کو تنگ اور پیرا فورس کا نام بدنام کرنے والے اہلکاروں کے گرد گھیرا تنگ
غیر قانونی کارروائی میں ملوث پیرا کے اہلکاروں و افسران کو تین دن کی ڈیٹنسن نہیں تین سال جیل کی ہوا کھانی پڑ سکتی ہے
پیرا میں ایک ایک کا ریکارڈ کھلے گا، ماضی دیکھا جائیگا، جو صاف ہے بے خوف رہے پر جو بے ایمان ہے وہ تیار رہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا اہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کے لئے 30 جون کی ڈیڈ لائن دے دی، وزیر اعلیٰ نے پیرا فورس کے 4 ہزار اہلکاروں و افسران کی سکروٹنی کا حکم دے دیا۔
لاہور: غیر قانونی کارروائی سے عوام کو تنگ کرنے اور پیرا فورس کا نام بدنام کرنے والے اہلکاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا – غیر قانونی کارروائی میں ملوث پیرا کے اہلکاروں و افسران کو تین دن کی ڈیٹنسن نہیں تین سال جیل کی ہوا کھانی پڑ سکتی ہے، پیرا میں ایک ایک کا ریکارڈ کھلے گا، ماضی دیکھا جائیگا، جو صاف ہے بے خوف رہے پر جو بے ایمان ہے وہ تیار رہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا اہلکاروں پر باڈی کیم نصب کرنے کے لئے 30 جون کی ڈیڈ لائن دے دی، وزیر اعلیٰ نے پیرا فورس کے 4 ہزار اہلکاروں و افسران کی سکروٹنی کا حکم دے دیا۔
مریم نواز شریف نے پیرا انٹرنل انٹیلی جنس اور وسل بلور سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے اور پیرا کا نام بدنام کرنے والے عناصر کے خلاف مثالی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پیرا فورس کا چوتھا اجلاس ہوا جس میں سخت فیصلے کئے گئے، اجلاس میں پیرا سے کارروائیوں سے متعلق اور دیگر آپریشنل بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پیرا فورس نے ISO سرٹیفکیشن حاصل کر لی ہے، پیرا فیلڈ فارمیشن کی کل نفری 8 ہزارہے جس میں سے 4711نشستیں پُر ہو چکی ہیں، پیرا بھرتی کا عمل PPSC کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے۔ شرکا کو بتایا گیا کہ یکم جون سے ایس ڈی او پیرا کی پنجاب ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کی ٹریننگ شروع ہوگی، انفورسمنٹ آفیسر اور انویسٹی گیشن آفیسر کو 1122 اور PTC چوہنگ میں تربیت دی جائے گی، جون کے آخر تک مجموعی طور پر 7 ہزار اہلکاروں کی بھرتی مکمل کر لی جائے گی۔ کل 155 میں سے 133 انفورسمنٹ سٹیشنز (ES) فعال ہیں، باقی جون تک مکمل کر لیے جائیں گے، پیرا 15 خصوصی انیشیٹوز میں بھی خدمات فراہم کر رہی ہے، پیرا کو میرج ہالز کی انسپکشن، پیٹرول پمپس کی جانچ، مارکیٹ کلوزنگ اور دیگر خصوصی ٹاسک دیئے گئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 11 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 2 کروڑ روپے سے زائد جرمانے کیے گئے، ذخیرہ اندازی کرنے والے 6557 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں 9036 کنال اراضی واگزار کرائی گئی، مجموعی طور پر تجاوزات پر 2 لاکھ 62 ہزارسے زائد چھاپے مارے گئے، وزیرِ اعلیٰ کی پالیسی کے مطابق ایف آئی آر کے بجائے اصلاح پر زور دیا گیا، صرف 439 ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہوئیں۔ 15 سے 16 مختلف سافٹ ویئرز کو یکجا کر کے پیرا 360 ڈیش بورڈ بنایا جا رہا ہے، تمام چالان ڈیجیٹل ہوں گے اور کنووکشن ریٹ 97 فیصد ہے، ایک ماہ کے اندر اہلکاروں کو باڈی کیمرا لگا دیئے جائیں گے۔ شرکا کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعلیٰ نے ان کی سخت نگرانی اور سینٹرل 360 ڈیش بورڈ کے ذریعے مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے، مریم نواز شریف نے پیرا کو ایک ڈیڈیکیٹڈ فورس بنانے کا حکم دیا ہے جس کا بنیادی کام صرف ریگولیشن ہو۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ کلر کہار یا مری، کوٹلی ستیاں میں پیرا کی اپنی ٹریننگ اکیڈمی بنانے کی تجویز پیش کی گئی، وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے ایک سال میں پیرا اکیڈمی مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
مریم نواز نے پیرا کی ساکھ اور ڈسپلن پر سخت سوالات اٹھائے اور کہا کہ جو اہلکار کرپشن یا اختیارات کے ناجائز استعمال میں پکڑا جائے، اسے مثال بنا دیا جائے، پیرا میں ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 1356 انکوائریاں لگیں، 304 کو سزائیں ملیں اور 7 اہلکاروں کو فارغ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پیرا کے اندرونی انٹیلی جنس اور خفیہ اطلاع کے نظام کو مزید فعال کیا جائے، مشکوک شہرت والے افسران کو فوری طور پر ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجا جائے، پبلک سروس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

