والدین او راہل خانہ سے ملاقات، اظہار تعزیت،ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی، چھوٹے بھائی کو ساتھ بیٹھا کر دلاسہ دیا
مبین مرحوم کے والد نے وزیراعلیٰ کو افسوسناک واقعہ سے آگاہ کیا، تعزیت کیلئے الفاظ نہیں، ہر صورت انصاف ہوگا:حمزہ شہباز
لاہوریکم جون:-وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز مصری شاہ کے علاقے کاچھو پورہ میں ڈور پھرنے سے جاں بحق نوجوان مبین کاشف کے گھرپہنچ گئے اور ان کے والدین، بہن، بھائی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی-وزیر اعلی حمزہ شہباز نے جاں بحق نوجوان کے والدین اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا-انہوں نے جاں بحق نوجوان مبین کاشف کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی -وزیر اعلی حمزہ شہباز نے جاں بحق نوجوان مبین کے چھوٹے بھائی مبشر کو اپنے پاس بیٹھایا اور اسے دلاسہ دیا -مبین مرحوم کے والد کاشف نے وزیر اعلی حمزہ شہباز کو بیٹے سے پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے آگاہ کیا -وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔میرے پاس آپ سے تعزیت کے لئے الفاظ نہیں ہیں اور اس دکھ کا کوئی مداوا نہیں۔ غم کی گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔آپ کے ساتھ ہر صورت انصاف ہوگا۔قانون سازی کی جائے گی تاکہ کسی اور ماں کی گود نہ اجڑے۔میاں مجتبی شجاع الرحمن، غزالی سلیم بٹ، عمران گورایہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور سی سی پی او بھی اس موقع پر موجود تھے-