Contact Us

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا ہیلتھ پراجیکٹس فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کا حکم

Pervaiz Elahi

لاہور4اکتوبر:   وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ہیلتھ پراجیکٹس فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کا حکم دیاہے اور  سرکاری ہسپتالوں کوسولر توانائی پر مرحلہ وار منتقل کرنے کیلئے قابل عمل پلان طلب کر لیاہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ہسپتالوں کی سولر ائزیشن کے پروگرام کا مکمل تخمینہ لگانے کا حکم دیا ہے اور جوبلی ٹاؤن میں ڈینٹل ہسپتال کیلئے فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے اور گنگارام ہسپتال کے زچہ وبچہ بلاک کو رواں ماہ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے مزید ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ اورساہیوال کی اپ گریڈیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ کو 500بستروں پر مشتمل ٹیچنگ ہسپتال بنارہے ہیں اور ڈی ایچ کیو ساہیوال کو 773بیڈزپرمشتمل ٹیچنگ ہسپتال بنارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ہدایت کی کہ 250بیڈز کے انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن راولپنڈی میں 30ڈائیلسز مشینیں اوردیگر آلات کی تنصیب کا عمل جلد مکمل کیا جائے اور فتح محمد بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈی جی خان کے آؤٹ ڈور اورایمرجنسی بلاک کو جلد فنکشنل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے نشتر ہسپتال ملتان میں پیٹ سکین اورسائیکلوٹران مشین کی تنصیب کے لئے فنڈزکے اجراء کی اصولی منظوری دی۔ جنرل ہسپتال ارفع کریم ٹاورمیں پہلے مرحلے میں 200بیڈ کا ایمرجنسی وارڈ مکمل کیا جائے گا۔جناح ہسپتال کا 256بیڈزکاٹراما سینٹر اورایمرجنسی جلد فنکشنل کردیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے جناح ہسپتال کے آنکالوجی وارڈ میں جدید ترین مشین کی تنصیب کیلئے فنڈز کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت گزشتہ روزا جلاس میں صوبہ بھر میں زیر تکمیل ہیلتھ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، سیکرٹری خزانہ اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں