Advertisements

مرغی کی قیمت کم، مگر انڈے اور کڑاہی بدستور مہنگی

Advertisements

اداریہ — 5 نومبر 2025

احمدپورشرقیہ اور گردونواح میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور قیمتیں کم ہو کر تقریباً 400 روپے فی کلو تک آ گئی ہیں، جس کے باعث متوسط اور غریب طبقہ بھی اس سے مستفید ہو رہا ہے۔ مرغی کے سستی ہونے سے مٹن اور دیگر سرخ گوشت کی خریداری میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں قصابوں کے کاروبار پر منفی اثر پڑ رہا ہے اور وہ سارا دن گاہکوں کے انتظار میں بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ عوام کی بڑی تعداد نسبتاً کم قیمت کے باعث مرغی کے گوشت کی طرف راغب ہو چکی ہے جو معاشی حالات میں ایک اہم تبدیلی ہے۔

Advertisements

تاہم ایک طرف جہاں عوام کو مرغی کی قیمت میں کمی سے ریلیف ملا ہے، وہیں دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں کسی قسم کی کمی نہ آ سکی۔ احمدپورشرقیہ کی مارکیٹوں میں انڈے اب بھی 320 روپے فی درجن فروخت ہو رہے ہیں، جو عوام کی قوتِ خرید پر بھاری بوجھ ہے۔ اسی طرح مقامی ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں مرغی کی کڑاہی 1600 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ مرغی کی مارکیٹ میں ملنے والا فائدہ صارفین تک مکمل طور پر منتقل نہیں ہو پایا۔

یہ صورتحال اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ اگرچہ چکن مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوئیں، مگر دیگر متعلقہ خوراکی اشیاء کی قیمتوں پر مناسب کنٹرول نہ ہونے کے باعث عوام کو مکمل ریلیف نہیں مل سکا۔ ضلعی انتظامیہ کو فوری نوٹس لیتے ہوئے انڈوں اور ہوٹلوں میں چکن کڑاہی کی قیمتوں کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ اور ناجائز منافع خوری کا خاتمہ ہو سکے۔ عوام کو حقیقی ریلیف تب ہی مل سکتا ہے جب غذائی اجناس کی قیمتوں میں توازن اور شفافیت یقینی بنائی جائے۔