چودھری پرویز الٰہی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے اور روک تھام کیلئے بروقت اقدامات نہ کرنے پر برہم
ڈپٹی کمشنرزروزانہ میٹنگز اوروزٹ کریں،رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے،موثرانڈوراورآؤٹ ڈور سرویلنس کی جائے
لاہور14 ستمبر: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے راولپنڈی،لاہور اورگوجرانوالہ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پرگہری تشویش کااظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے مریضوں کی تعداد میں اضافے اورمرض کی روک تھام کیلئے بروقت اقدامات نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ حکام سے استفسار کیا کہ جب غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی تھی تو اس وقت انسداد ڈینگی پیشگی اقدامات کیوں نہ اٹھائے گئے۔ صورتحال کا بروقت ادارک کرکے ہنگامی طورپر حکمت عملی مرتب کرنی چاہیے تھی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے وبائی امراض کی بروقت روک تھام کیلئے سینٹرآف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمہ صحت،ریسکیو1122 اورمتعلقہ ادارے مشاورت سے وبائی امراض کی روک تھام کیلئے سینٹرآف ڈیزیزکنٹرول کے قیام کیلئے ایکٹ کو حتمی شکل دیں۔پنجاب حکومت وبائی امراض کی روک تھام کے لئے سینٹرآف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کیلئے ایکٹ کو پنجاب اسمبلی سے منظور کرائے گی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس اقدام سے صوبے میں ڈینگی،کورونا،ہیضہ،ٹائیفائڈ اوردیگر وبائی امراض کی روک تھام میں مدد ملے گی اورسینٹر آف ڈیزیزکنٹرول کے قیام سے وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے فائر فائٹنگ نہیں کرنا پڑے گی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے صوبہ بھر خصوصاً ہائی رسک اضلاع میں جنگی بنیادوں پر انسداد ڈینگی کے اقدامات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسداد ڈینگی کیلئے رکھے گئے عارضی سٹاف کومستقل کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی کے عارضی سٹاف کو مستقل کرنے کیلئے قواعد و ضوابط کے تحت سمری پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسداد ڈینگی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر فوگنگ مشینیں خریدنے کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ فوگنگ مشینیں 7روز میں خرید کر رپورٹ پیش کی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں انسداد ڈینگی کیلئے کیے گئے اقدامات کا باقاعدگی سے جائزہ لوں گا۔ضلع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرزروزانہ کی بنیاد پر میٹنگز کریں اوروزٹ کر کے خود صورتحال کا جائزہ لیں۔میٹنگز اوروزٹ کی رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اتوار اوردیگرتعطیلات کے دوران بھی انسداد ڈینگی کیلئے کام جا ری رکھاجائے۔ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں پر پوری توجہ دی جائے اورانہیں تمام ضروری طبی سہولتیں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب بھر خصوصاً راولپنڈی،لاہور اورگوجرانوالہ میں موثرانڈوراورآؤٹ ڈور سرویلنس کا حکم دیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبے میں ڈینگی کی صورتحال اورمرض پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، چیف سیکرٹری کامران افضل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی ریسکیو 1122، ڈی جی ہیلتھ سروسز پنجاب، پروفیسر ڈاکٹر وسیم اکرم، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈی ایچ اے، سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب، ڈی جی آر ڈی اے اورایم ڈی واسا راولپنڈی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔