چنی گوٹھ: بے روزگاری کا طوفان بے قابو ہے۔ لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں لے کر مایوس گھوم رہے ہیں۔ حسن عسکری شیخ، صوبائی رہنما مسلم لیگ ن

چنی گوٹھ (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ بے روزگاری کا طوفان بے قابو ہے۔ لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں لے کر مایوس گھوم رہے ہیں۔ بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں میں نفسیاتی امراض بڑھ رہے ہیں اور سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ عمائدین علاقہ جام شاہ محمد، جام قاسم محمد، بشیر خان چانڈیہ، مہر محمد رفیق، حاجی اللّٰہ دتہ پنوار اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حسن عسکری شیخ نے کہا کہ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کیا، مگر الٹا لاکھوں برسرروزگار نوجوانوں کو بے روزگار کر دیا۔ تارکین وطن مزدوریاں کر کے زرمبادلہ ملک میں، جب کہ حکمران اشرافیہ اپنا پیسہ ملک سے باہر بھیج رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں کی وجہ سے مزدور، کسان، ڈاکٹرز، ٹیچرز، چھوٹے تاجر، سرکاری ملازم سبھی پریشان ہیں۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں گزشتہ ساڑھےتین برسوں میں تین سو فیصد تک اضافہ ہوا۔ ادویات کی قیمتیں 14بار بڑھیں۔ حکومت ہر پندرہ دن بعد تیل کی قیمت میں اضافہ کر دیتی ہے۔ دوسری جانب آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی کی قیمتیں بڑھائی اور اس پرسبسڈی ختم کی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام یہ ظلم برداشت نہیں کر سکتے۔ حکمران ویژن سے عاری، نااہل، ان کےپاس ملک کے مسائل کا کوئی حل نہیں۔