چنی گوٹھ: ترقیاتی کاموں سے محروم، شہریوں کا شدید احتجاج

Channi Goth

 چنی گوٹھ (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو آئے ہوئے تقریباً ساڑھے تین سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے مگر آج تک چنی گوٹھ اور گردونواح میں خاطر خواہ ترقیاتی کام نہ ہو سکے، شہریوں کا شدید احتجاج۔ اس سلسلے میں ایک سروے کے دوران شہریوں نے بتایا کہ گزشتہ تقریباً ساڑھے تین سال سے پی ٹی آئی کی حکومت نے چنی گوٹھ کی عوام کو مہنگائی کے علاوہ اور کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ چنی گوٹھ اور گردونواح کی رابطہ سڑکیں تھانہ روڈ، ڈاک خانہ روڈ، ، عید گاہ روڈ، شاہی روڈ لال کوٹھی تا حاصل لاڑ، احمد نائچ روڈ، پل عباسیہ کینال تا بیلداراں، سراج پور تا پل جاگیر والا روڈ سمیت دیگر سڑکیں شامل ہیں جو عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ چنی گوٹھ میں صفائی کا نظام بھی درہم برہم ہے ہر طرف کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ نکاسی آب نے گلیوں اور بازاروں میں جوہڑ کی شکل اختیار کرلی ہے جس سے تعفن پھیل چکا ہے۔ کئی مواضعات میں پختہ سڑکیں بنانے کا جھانسہ دے کر پرانی سولنگ کی اینٹوں کو اکھاڑ کر فروخت کر دیا گیا ہے جس سے لوگوں کی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ رورل ہیلتھ سنٹر کی بلڈنگ اور عملے کے کوارٹر ٹوٹ پھوٹ چکے ہیں اور وہ کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتے ہیں۔ جناج کالونی چک 157، اور 159 این پی بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ شہریوں نے بتایا کہ الیکشن کے دوران عوامی نمائندے عوام کو سنہرے خواب لگا کر عوام سے ووٹ تو لے جاتے ہیں مگر دوبارہ ادھر کا رخ نہیں کرتے جس سے پورا علاقہ مسائلستان بن چکا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں