واسا کی زائد المعیاد پائپ لائنوں کوترجیحٰی بنیادوں پرتبدیل کیاجائے تاکہ شہریوں کو پانی اورنکاسی آب کے مسائل سے نجات مل سکے
سید یوسف رضا گیلانی کی ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو ،ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم خان،ڈی جی نادراسید محمد تنویرعباس اورسی او میٹروپولیٹن اقبال خان کےساتھ منگل کے روز سرکٹ ہاؤ س میں ملاقات کے دوران ہدایات
ملتان۔ 20 اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام تروسائل بروئے کار لائے تاکہ ان کی مشکلات دورہوسکیں ۔انہوں نے یہ ہدایات ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو ،ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم خان،ڈی جی نادراسید محمد تنویرعباس اورسی او میٹروپولیٹن اقبال خان کےساتھ منگل کے روز سرکٹ ہاؤ س میں ملاقات کے دوران جاری کیں۔اس موقع پریوسف رضا گیلانی نے کہا کہ واسا کی زائد المعیاد پائپ لائنوں کوترجیحٰی بنیادوں پرتبدیل کیاجائے تاکہ شہریوں کو پانی اورنکاسی آب کے مسائل سے نجات مل سکے۔ ناقص پائپ لائنوں کی وجہ سے سڑکوں پرپانی جمع ہوتاہے اورلوگوں کو بارش کے موسم میں شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑتاہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں یونین کونسل کے فنڈزاستعمال کریں اوراس کی منظوری کے لیے میں خود وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بات کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میں نے 2008ء میں اپنی وزارت عظمیٰ کے دوران فلائی اووروں کی تعمیر سے پہلے واسا کے مسائل حل کروائے تھے ۔چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ وہ عظیم روحانی پیشوا حضرت موسیٰ پاک شہیدؒ کے مزارکی تزئین وآرائش کا کام بھی تیزکریں اورمزار کے قریب پارکنگ کا مسئلہ بھی حل کریں ۔اس کے ساتھ ساتھ حضرت شاہ یوسف گردیز کے مزار کو جانے والے راستے پر جوپانی جمع ہوجاتا ہےاس کی نکاسی کابھی بندوبست کیاجائے ۔ انہوں نے ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم خان کوہدایت کی کہ وہ شہر کوخوبصورت بنانے پرتوجہ دیں کیونکہ ایم ڈی اے کے سربراہ کی حیثیت سے یہ ان کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر،ڈی جی نادرااورڈی جی ایم ڈی اے نے اپنے محکموں کی جانب سےعوام کو فراہم کی جانے والی سہو لتوں اورزیرتکمیل منصوبوں کے بارے میں انہیں بریفنگ دی ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ تعلیم اورصحت کے شعبوں کے لیے ان کےآباؤاجداد نے گراں قدرخدمات سرانجام دی تھیں تاکہ جنوبی پنجاب خاص طورپر ملتان کے شہریوں کے مسائل حل ہوسکیں ۔یوسف رضاگیلانی نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ،ہیڈ محمد والا پل اورفلائی اوورز تعمیر کروائے تاکہ شہر کاانفراسٹرکچر بہتر ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں ملتان کاخوبصورت چہرہ لوگوں کے سامنے آیا اوریہاں سیاحت کو بھی فروغ ملا۔اس موقع پرسابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹرجاویدصدیقی ،پیپلزپارٹی کے رہنما نعیم خان اوردیگرشخصیات بھی موجودتھیں ۔