سرائیکی وسیب کا مزدور روزگار نہ ہونے کی وجہ سے مسلسل بلوچستان اور ایران میں دہشتگردوں کے نشانہ پر ہے محمد اکبر انصاری ایڈووکیٹ

سرائیکی قوم جب تک استحصالی قوتوں اور نام نہاد الیکٹیبلز نامی سیاسی گِدھوں سے چھٹکارا حاصل نہ کرے گی اس وقت تک آئینی صوبہ کا قیام ممکن نہیں چیئرمین پاکستان سرائیکی پارٹی
ملتان : چیئرمین پاکستان سرائیکی پارٹی ایڈووکیٹ محمد اکبر انصاری نے ایران میں ضلع بہاولپور سے تعلق رکھنے والے سرائیکی مزدوروں کے قتل عام پر اپنا ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مورخ لکھ رہا ہے کہ سرائیکی وسیب کا مزدور اپنے وطن میں روزگار مہیا نہ ہونے کی وجہ سے مسلسل بلوچستان اور ایران میں دہشتگردوں کے ہاتھوں اور اس سے قبل وزیرستان،کراچی کے دہشتگردوں کے ہاتھوں قتل ہورہاتھا،وسطی پنجاب کے بٹھوں اور فیکٹریوں سے سرائیکی وسیب میں لاشیں آرہی تھیں اور ریاست سرائیکی وسیب کے وسائل اور ان کی اراضیات چولستان میں اداروں کی بنیاد پر کارپوریٹ فارمنگ کررہی تھی، سرائیکی وسیب کا نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لے کر گھوم رہاتھااور اداروں کے ریٹائرڈ ملازمین اور وسطی پنجاب کے لوگ ان کے حصہ کے کوٹے کی نوکریاں حاصل کررہاتھا اور انکے ترقیاتی فنڈز اور این ایف سی ایوارڈ بنیادی انسانی حقوق کے منصوبوں کے فنڈز وسطی پنجاب کے منصوبوں پر خرچ ہورہے تھے،
انہوں نے کہا کہ سرائیکی قوم ریاست کاآئین اور قانون کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن ریاست انہیں آئین میں دئیے گئے برابری کے حقوق اور بنیادی انسانی حقوق دینے میں ناکا م ہے، سرائیکی قوم کا ہر طبقہ ریاست سے مایوس ہوچکا ہے، ستم یہ ہے کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتیں اپنے منشور میں سرائیکی وسیب پر صوبہ کا قیام شامل کیئے ہوئے ہیں،لیکن یہ لوگ پارلیمنٹ میں سرائیکی وسیب پر صوبہ کا آئینی بِل اس وجہ سے پیش نہ کرسکتی ہیں کہ اداروں میں طاقتورعہدوں پر بیٹھا وہ مائنڈ سیٹ جو سرائیکی وسیب کے ہمہ نوعیت وسائل پر تخت لاہور کی بنیاد پر اپنی دسترس چاہتا ہے اور اس خطہ کے فنڈز اور وسائل کو اسلام اور پاکستان کے نام پر غصب رکھنا چاہتا ہے،
انہو ں نے کہا کہ ستم یہ ہے کہ قیام پاکستان سے اب تک یہ غیر دھرتی ذاد مائنڈ سیٹ قوموں کو محکوم،ان کے وطنوں کو مقبوضہ اور انکے وسائل کو مالِ غنیمت سمجھ کر لوٹ رہا ہے، پاکستان کی سلامتی کو ایسے مائنڈ سیٹ سے سخت خطرہ ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان پر حکمران جمہوریت کی بنیاد پر نہیں بلکہ اقتدار کی باری بانٹنے والوں کی مرحون منت ہیں، پاکستان میں کبھی بھی جمہوریت کوفروغ نہ دیاگیا ہے، اقتدار کی باری بانٹنے والوں نے وفاق پرست جماعتوں کو کٹھ پتلی کی طرح نچایا ہوا ہے،جبکہ دھرتی ذادقوم پرست جماعتوں کو کچلا ہوا ہے،جب تک سرائیکی قوم استحصالی قوتوں اور نام نہاد الیکٹیبلز نامی سیاسی گِدھوں سے چھٹکارا حاصل نہ کرے گی اس وقت تک نہ تو قوم کو حقوق ملیں گے اور نہ ہی ان کے وطن پر آئینی صوبہ کا قیام ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتیں فوری طور پر سرائیکی وسیب پر صوبہ کے قیام کیلئے آئینی بِل پارلیمنٹ میں پیش کریں۔