Advertisements

چیئرمین اسلامیہ فاؤنڈیشن حاجی عامر شہزاد کا ویژن 2030

Aamir Shehzad Chairman Islamia Foundation UAE
Advertisements

پنجاب اور وفاقی بیوروکریسی میں نئی نسل کا وجود احمد پور شرقیہ کے مسائل کا ضامن ہو گا

ویژن 2030 کے تحت امریکن ایجوکیشنل سسٹم کی طرز پر اسلامیہ ایجوکیشنل اکیڈیمی میں ہر سال 200 ہونہار بچوں کو داخلہ دیا جائے گا جن کی اسلامیہ فاؤنڈیشن گریجویشن تک کفالت کرے گی-حکیم باغ میں ایجوکیشنل اکیڈمی کی عمارت کی تعمیر کا کام مکمل ہو گیا

Advertisements

عید الاضحی کے بعد اسلامیہ فاؤنڈیشن ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کا اجراء کرے گی جہاں شہر احمد پور شرقیہ کی ڈھائی سو خواتین کو فنی تربیت دی جائے گی

اسلامیہ فاؤنڈیشن نے راؤ کالونی محلہ سرور شاہ اور حکیم باغ میں تین واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کر دیے جبکہ مریضوں کے لیے فری ایمبولینس سروس کا آغاز کر دیا گیا

اسلامیہ فاؤنڈیشن نے حالیہ ماہ صیام میں قرعہ اندازی کے ذریعے 13 خوش قسمت افراد کو مفت عمرہ پر بھجوانے کے لیے انتخاب کیا ہے جبکہ اب تک 50 خوش قسمت افراد کو فری فریضہ حج کی سعادت نصیب ہوئی ہے

اسلامیہ فاؤنڈیشن کے سحری و افطار پراجیکٹ کے تحت حالیہ ماہ صیام میں پانچ ہزار افراد روزانہ مستفید ہوئے جبکہ شہر میں سستا کھانا پروجیکٹ بھی جاری ہے جہاں کوئی بھی غریب شخص 50 روپے میں کھانا تناول کر سکتا ہے

اسلامیہ فاؤنڈیشن نے 300 سے زائد غریب افراد کو چھوٹے پیمانے پر روزگار کی فراہمی کے لیے ہینڈ کارٹس مہیا کی ہیں جب کہ 45 غریب افراد کو سبزی اور فروٹ کی ریڑھیاں لگوانے کے لیے مالی مدد فراہم کی ہے اسی طرح پانچ عدد موٹر رکشہ جات بھی عطیہ کیے جا چکے ہیں

اسلامیہ فاؤنڈیشن نے شہر کے قبرستانوں میں لاوارث منہدم قبروں اور 30 بیوگان کے مکانوں کی مرمت کرائی ہے جبکہ اس سال 28 بچیوں کی شادی کے لیے مالی مدد دی ہے نیز چولستان میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے پچاس ہینڈ پمپ بھی نصب کرا دیے

اسلامیہ فاؤنڈیشن کے تمام جاری اور نئے پر اجیکٹس کے لیے دبئی اور پاکستان میں کسی سے بھی کسی قسم کا عطیہ وصول نہیں کیا ، اپنی جیب سے اللہ تعالیٰ سے تجارت کر رہا ہوں

چیئرمین اسلامیہ فاؤنڈیشن حاجی عامر شہزاد کا احسان احمد سحر ،محمد سلیمان فاروقی ،شبّیر احمد قریشی ،حمید اللہ خان عزیز اور ملک محمد سجاد پر مشتمل روزنامہ نوائے احمدپور شرقیہ کے پانچ رکنی پینل کو انٹرویو

تحریر:احسان احمد سحر تصاویر : ملک محمد سجاد

اسلامیہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی عامر شہزاد مدیر احسان احمد سحر کو انٹرویو دے رہے ہیں، منیجنگ ایڈیٹر محمد سلیمان فاروقی اُنکے دائیں جانب موجود ہیں

حاجی عامر شہزاد احمد پور شرقیہ کی مردم خیز دھرتی کے بیٹے ہیں جنہوں نے اسلامیہ فرنیچر ورکس کے پروپرائٹر حاجی محمد عاشق مرحوم کے گھر میں آنکھ کھولی- ابتدائی تعلیم احمد پور شرقیہ میں حاصل کی- ہیلی کالج آف کامرس لاہور سے بی کام اور پنجاب یونیورسٹی سے ماسٹر آف بزنس ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کی-بعد ازاں چارٹرڈ آف اکاؤنٹینسی کا مرحلہ بھی مکمل کیا – عامر شہزاد  تعلیمی مراحل طے کر کے روزگار کے حصول کے لیے دبئی  منتقل ہو گئے جہاں انہوں نے مختلف بینکوں اور کاروباری اداروں میں ملازمتیں کیں لیکن ان دنوں ریئل اسٹیٹ  کا بزنس  کر رہے ہیں – اطلاعات  کے مطابق وہ صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کے بزنس پارٹنر بھی ہیں جن کے  ذاتی جیٹ کو استعمال کرتے ہیں اِس جیٹ پر ماضی میں سابق وزیراعظم عمران خان بھی سوار ہوتے تھے

 حاجی عمر شہزاد نے احمد پور شرقیہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے- اسلامیہ فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے مختلف پروجیکٹس پر ان دنوں بڑی تیزی سے عمل درآمد جاری ہے ان کے سحری اور افطاری پروجیکٹ کا شہر احمد پور شرقیہ اور اس کے گرد نواح میں بڑا چرچہ رہا جہاں روزانہ پانچ ہزار کے لگ بھگ افراد ماہ صیام کے مقدس مہینے میں مستفید ہوئے -عامر شہزاد کی اسلامیہ فاؤنڈیشن کے حوالے سے ہم اس کی تفصیلات حاصل کرنے کے خواہشمند تھے چنانچہ عید الفطر سے دو روز قبل  ان کا انٹرویو کرنے کے لیے روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ کے پانچ رکنی پینل اور پنجاب کالج کا انتخاب کیا جہاں سوال جواب کی نشست  اڑھائی گھنٹے پر محیط رہی جن میں ہم نے ان سے اسلامیہ فاؤنڈیشن کے قیام اس کے اغراض و مقاصد اس کے جاری پروجیکٹس کے علاوہ مستقبل کے اہداف کے حوالے سے گفتگو کی-حاجی عامر شہزاد کے جوابات کا کافی بڑا حصہ آف  دی ریکارڈ تھا جب کہ پانچ رکنی پینل میں راقم الحروف کے علاوہ محمد سلیمان فاروقی ،شبّیر احمد قریشی ،حمید اللہ خان عزیز اور محمد سجاد شامل تھے

مدیر احسان احمد سحر روزنامہ نوائے احمدپور شرقیہ کے پینل انٹرویو کے دوران چیئرمین حاجی عامر شہزاد سے اسلامیہ فاؤنڈیشن کے پرا جیکٹس کے حوالے سے سوالات کر رہے ہیں

چیئرمین اسلامیہ فاؤنڈیشن حاجی عامر شہزاد کا ویژن 2030
چیئرمین اسلامیہ فاؤنڈیشن حاجی عامر شہزاد نے شہر احمد پور شرقیہ کو مسائل کے گرداب سے نکالنے اور اسے  حقیقی ترقی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے حوالے سے اپنے ویژن 2030 کا ذکر  کرتے ہوئے کہا کہ جب تک صوبائی دارالحکومت لاہور اور وفاقی  دارالحکومت اسلام اباد کے  پالیسی میکرز میں ہمارا عمل دخل نہیں ہوگا ہم اسی طرح مسائل کی بھٹی میں سلگتے رہیں گے- ان کا کہنا تھا کہ آپ بتائیں کہ ہمارے کتنے تعلیم یافتہ نوجوان پنجاب مینیجمنٹ سروس( پی ایم ایس) اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس(پی اے ایس) میں اعلیٰ عہدوں پر فائز  ہیں جس کا جواب نفی میں ہے – حاجی عامر شہزاد نے کہا کہ اس گھمبیر  صورتحال سے عہدہ بر آ ہونے کے لیے انہوں نے ریلوے اسٹیشن روڈ پر  ایجوکیشنل اکیڈمی کی بلڈنگ تعمیر کرا دی ہے جہاں پر اسلامیہ فاؤنڈیشن امریکن ایجوکیشنل سسٹم کی طرز پر بیروزگاری کے خاتمے اور احمدپور شرقیہ کو ترقی یافتہ شہر بنائے کے اپنے مشن کا آغاز کرنے والی ہے

اسلامیہ فاؤنڈیشن تعلیمی میگا پراجیکٹ
حاجی عامر شہزاد نے اپنے اس تعلیمی میگا پراجیکٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ کے پینل کو بتایا کہ مقابلہ کے امتحانات کی تیاری کرانے کے لیے شہر احمد پور شرقیہ کے تعلیمی اداروں کے 200 ہونہار طلباء کو پروفیسرز کی ایک سلیکشن کمیٹی کے ذریعے نویں جماعت کے لیے چنا جائے گا  جو سکول اوقات میں اپنے تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کریں گے اور شام کو  اسلامک ایجوکیشنل اکیڈمی میں ماہرین استاتذہ کی نگرانی میں جدید زیور تعلیم سے آراستہ ہوں گے -انہوں نے  یہ بھی بتایا کہ جن طلباء کے والدین مالی استطاعت نہیں رکھتے ہوں گے ان کی  گریجویشن تک اسلامیہ فاؤنڈیشن کفالت کرے گی- چیئرمین اسلامیہ فاؤنڈیشن نے مزید بتایا کہ ایجوکیشنل اکیڈیمی میں ہر سبجیکٹ کے ٹاپک کی  ڈاکومنٹری کے ذریعے تربیت دی جائے گی جبکہ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے کیپس اکیڈیمی انتظامیہ کو احمد پور شرقیہ میں اپنا کیمپس کھولنے کیلئے آمادہ کر لیا ہے جہاں ان دو سو بچوں کو پڑھایا جائے گا – اسی طرح مذکورہ طلباء کو آخری مرحلے میں مقابلہ کے امتحانات کی تیاری کے لیے لاہورکی اکیڈمیز میں داخل کرایا جائے گا -عامر شہزاد نے کہا کہ ہر سال دو سو بچوں کے داخلوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا -ان کا کہنا تھا کہ اگر ان دو سو بچوں میں سے ہر سال دس طلباء پنجاب اور وفاق کے مقابلہ کے امتحانات میں کامیاب ہو کر انتظامی پوسٹوں پر فائز ہو گئے تو ہم انشاء اللہ احمدپور شرقیہ کی تقدیر بدلنے میں کامیاب ہو جائیں گے

ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا قیام

حاجی عامر شہزاد نے روزنامہ نوائے احمد پور شرقیہ کے پینل  سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ عیدالاضحیٰ کے بعد ایک ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کا بھی اجراء کر رہے ہیں جہاں خواتین کو روزگار کی فراہمی کے لیے فنی تربیت دی جائے گی جس میں بیوٹییشن ، کڑھائی سلائی اور کمپیوٹر کے کورس شامل ہیں جس کا دورانیہ چھ سے نو ماہ ہوگا اس  انسٹیٹیوٹ میں میٹرک پاس 250 خواتین کو داخلہ دیا جائے گا

اسلامیہ فاؤنڈیشن سحری و افطاری, حج عمرہ پراجیکٹس

چیئرمین اسلامیہ فاؤنڈیشن نے اپنے دیگر پروجیکٹس کے  حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسلامیہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ہر ماہ دو سو سے زائد مستحق گھرانوں کو ان کی دہلیز پر ماہانہ بنیاد پر  راشن مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ ماہ صیام میں سینکڑوں خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے گئے ہیں  اسی طرح سحری و افطاری پروجیکٹ کے تحت پانچ ہزار افراد روزانہ ماہ صیام میں مستفید ہوئے جبکہ 13 خوش قسمت  افراد کو  ماہ رمضان میں قرعہ اندازی کے ذریعے مفت عمرہ پر بھجوانے کے لیے چنا کیا گیا -انہوں نے کہا کہ حج عمرہ پروجیکٹ کے تحت اب تک اسلامیہ فاؤنڈیشن 50  مستحق غریب افراد کو  فریضہ حج کی سعادت حاصل  کرنے میی مالی معاونت کر چکی ہے

اسلامیہ فاؤنڈیشن  روزگار پروجیکٹ

اسلامیہ فاؤنڈیشن کے روزگار پروجیکٹ کے تحت 300 سے زائد غریب افراد کو چھوٹے پیمانے پر روزگار کی فراہمی کے لیے ہینڈ کارٹس مہیا کی گئی ہیں جبکہ 45 غریب افراد کو سبزی اور فروٹ کی ریڑھیاں لگوانے کے لیے مالی مدد کی گئی ہے اسی طرح پانچ عدد موٹر رکشہ جات بھی مہیا کیے جا چکے ہیں مزید برآں شہر کے قبرستانوں میں لاوارث منہدم قبروں  اور 30 بیوگان کے مکانوں کی مرمت بھی کرائی جا چکی ہے- اسلامیہ فاؤنڈیشن نے اس سال 68  بچیوں کی شادی کے لیے مالی امداد فراہم کی ہے نیز  چولستان میں صاف پانی کی پینے کی فراہمی کے لیے 50 ہینڈ پمپ بھی نصب کرائے گئے ہیں شہر میں ہر سوموار اور جمعرات کو سستا دسترخوان لگایا جاتا ہے جہاں پچاس روپے فی کس کے حساب سے کھانے کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے

Chairman Islamia Foundation AAmir Shehzad wit Daily Nawa-I-Ahmedpur Sharqia panel


واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب اور فری ایمبولینس سروس کا آغاز

اسلامیہ فاؤنڈیشن نے راؤ کالونی محلہ سرور شاہ اور حکیم باغ میں تین واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کرائے ہیں تاکہ ان علاقوں کے مکینوں کو پینے کا  صاف پانی مل سکے اسی طرح مریضوں  کے لیے اسلامیہ فاؤنڈیشن نے فری ایمبولنس سروس کا اجراء کیا ہے دو ایمبولینسز اس سلسلے میں آن کال موجود ہیں

اسلامیہ فاؤنڈیشن کے مالی اخراجات

 اسلامیہ فاؤنڈیشن کے جاری اور نئے پروجیکٹس کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین حاجی عامر شہزاد نے بتایا کہ انہوں نے دبئی یا پاکستان میں کسی سے بھی کبھی اپنے کسی پروجیکٹ کے لئے عطیہ نہیں لیا وہ خالصتا اسلامیہ فاؤنڈیشن اور اس کے تحت تمام پروجیکٹس کو اپنی ذاتی حیثیت میں چلا رہے ہیں کیونکہ اللہ سے تجارت کر کے انہیں جو کچھ نصیب ہوا ہے وہ اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے تھے – انہوں نے اس سلسلے میں اپنے والدین کا ذکر کیا  جنہوں نے اُنہیں ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیا تھا انہوں نے اپنے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سماجی و فلاحی خدمات کا اپنا سلسلہ تا زیست جاری رکھیں گے