Advertisements

یوم دفاع و شہداء کے موقع پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام تقریب

Ceremony on the occasion of Defense Day
Advertisements

کمشنر بہاول پور ڈویژن،و ائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی اور ڈپٹی کمشنر نے شہداء کے ورثا ء کوپھولوں کے گلدستے پیش کیے

بہاول پور:6/ستمبر :  یوم دفاع و شہداء کے موقع پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام  تقریب منعقد ہوئی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر سمیرا ربانی، شہید ونگ کمانڈر خرم کی اہلیہ شائستہ خرم، شہید کیپٹن سہیل اکبر کے والد محترم محمد اکبر بھٹی، سید تابش الوری، اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد طیب، اساتذہ، طلبا و طالبات، افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے اظہار خیال کرتے ہوئے شہدا کے والدین اور ورثاء کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کو مضبوط و مستحکم بنانے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے تقریب کے دوران گورنمنٹ گریجویٹ کالج کے پروفیسر راشد بودلہ کے لکھے ہوئے سٹیج ڈرامہ ”آزادی ایک نعمت ہے“ میں حصہ لینے والے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی کے پرفارمنگ آرٹ کے طلبا کی کاوشوں کو سراہا۔ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع دھرتی پر مر مٹنے، ملک کی حفاظت کرنے کا دن ہے اور یہ دن دشمن کو پیغام دینے کا دن ہے کہ ارض پاک کی حفاظت ہمار ا ایمان اور ہماری ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ دشمن کے خلاف ہماری فوج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہوگئی اور انھیں شکست سے دوچار کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر روزینہ انجم نے اظہار خیال کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ6 ستمبر کا دن عسکری قوت کی سربلندی کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا لیکن پاک فوج کے بہادر جوان آہنی دیوار بن گئے اور انہیں شکست دی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شہداء کی جرأت، بہادری کے کارنامے بیان کیے اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔ یوم دفاع و شہدا کے موقع پر منعقدہ تقریب میں عائشہ منیر، اورنگ زیب، توقیر قادر، شاہان بلوچ، طلحہ راجپوت، مناہل مہدی اور دیگر نوجوانوں نے ملی نغمے پیش کیے۔تقریب میں کمشنر بہاول پور ڈویژن،و ائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اور ڈپٹی کمشنر نے شہداء کے ورثا ء کوپھولوں کے گلدستے پیش کیے۔تقریب کے نظامت کے فرائض آغا صدف مہدی نے انجام دئیے۔

Advertisements