نواب سر صادق محمد خان عباسی کی 56 ویں برسی کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پروقار تقریب

Ceremony at Islamia University on the occasion of 56th anniversary of Nawab Sadiq

محسن پاکستان نے تقسیم ہند کے بعد بھارت سے آنے والے مہاجرین کی بڑی تعداد کو بہاول پور میں آباد کیا اور انہیں وسائل مہیا کیے۔میرے پڑدادا نے قیام پاکستان کے بعد حکومت کی بھر پور مالی معاونت کی اور قائد اعظم کا بھر پور ساتھ دیا۔ پرنس بہاول عباس خان عباسی

نواب سر صادق محمد خان عباسی ہمارے قومی ہیرو ہیں،ہماری کوشش ہو گی کہ آئندہ سال ان کی برسی کی تقریبات کے دائرے کو بڑھایا جائے۔ کمشنر بہاول پور راجہ جہانگیر انور

ماضی میں محسن پاکستان کو اس طریقے سے خراج تحسین پیش نہیں کیا گیا، جس کے وہ حق دار تھے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے مشکور ہیں،جو نواب سر صادق کی خدمات کو اجاگر کرنے کے لئے عملی کام کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی،سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی

نواب سر صادق محمد خان عباسی نے جامعہ عباسیہ بہاول پور سمیت ملک بھر میں کئی تعلیمی اور رفاعی ادارے قائم کیے،وہ ایک دور رس بصیرت رکھنے والے حکمران تھے۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

اسلامیہ یونیورسٹی کے عباسیہ کیمپس کے غلام محمد گھوٹوی ہال میں منعقدہ تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر آفتاب گیلانی، سید تابش الوری اور دیگر مقررین نے نواب سر صادق محمد عباسی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔پرنس بہاول عباس خان عباسی، صاحبزادہ محمد عثمان خان عباسی،کمشنر بہاول پور اور دیگر مہمانوں کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔

ریاست بہاول پور کے آخری فرمانروا محسن پاکستان نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی 56ویں برسی کے موقع پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے عباسیہ کیمپس غلام محمد گھوٹوی ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہوئی کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایک انسان دوست اور تعلیم دوست شخصیت کو خراج تحسین پیش کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواب صاحب اور ریاست بہاول پور کے بارے میں انہوں نے بہت پڑھا لیکن یہاں آکر عملی طور پر ان کی خدمات کو دیکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواب سر صادق محمدخان عباسی پنجم ہمارے قومی ہیرو ہیں ہم کوشش کریں گے کہ آئندہ سال ان کی برسی کی تقریبات کے دائرے کو بڑھا یا جائے۔ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم محسن پاکستان ہیں اور عزیم قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں۔نواب صاحب نے تعلیم، صحت، انفرانسٹکچر اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ہز رائل ہائی نس پرنس بہاول خان عباسی کا کہنا تھا کہ ان کے بزرگوں کی خدمات کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انتظامیہ کی جانب سے خراج تحسین پیش کرنا اور انہیں یاد کرنا انتہائی خوش آئند ہے۔ سر صادق محمد عباسی نے تقسیم ہند کے بعد بھارت سے آنے والے مہاجرین کی بڑی تعداد کو بہاول پور میں آباد کیا اور انہیں وسائل فراہم کیے۔ نواب سر صادق محمدخان عباسی نے زراعت، لائیو سٹاک، صحت، تعلیم، تفریح سمیت معاشی خوشحالی پر کام کیا۔ انہوں نے قیام پاکستان کے بعد پاکستان کی مالی معاونت کی اور قائداعظم کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ صادق دوست کی حیات و خدمات کو اجاگر کرنے کے لیے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی صاحبزادہ عثمان داؤد عباسی کا کہنا تھا کہ ماضی میں محسن پاکستان کو اس طریقے سے خراج تحسین پیش نہیں کیا گیا جس کے وہ حقدار تھے لیکن اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹرا طہر محبوب کے شکرگزار ہیں جو نواب سر صادق کی خدمات کو اجاگرکرنے کے لیے بہت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے وائس چانسلر کی اس تجویز کی حمایت کی کہ یونیورسٹی کی جانب سے نواب سر صادق محمدخان عباسی پنجم کی حیات و خدمات پر ڈاکیومنٹری اور سیریل پر کام کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹرا طہر محبوب کا کہنا تھا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جامعہ عباسیہ سمیت انہوں نے نہ صرف بہاول پور بلکہ ملک بھر میں کئی تعلیمی اور رفاعی ادارے قائم کیے۔ وہ ایک دوررس بصیرت رکھنے والے حکمران تھے جنہوں نے پاکستان کے لیے نہ صرف اپنی ریاست وقف کی بلکہ قیام پاکستان کے بعد اسے چلانے میں قائداعظم کا ساتھ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاو لپور نے نواب سر صادق کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی کاوشوں کو آگے بڑھانے کے لیے صادق چیئر قائم کی ہے۔ ہم چاہیں گے کہ نواب سر صادق عباسی پنجم کی حیات و خدمات پر ڈاکیو منٹری اور سیریل پر بھی کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ محسن پاکستان کی خدمات کو ہم پورے پاکستان میں پھیلائیں گے تاکہ لوگ جان سکیں کہ انہوں نے اس ملک کے لیے کیا کارنامے سر انجام دیئے۔ سابق پارلیمنٹررین سید تابش الوری کا کہنا تھا کہ نواب سر صادق محمد خان انسانوں میں فرمانروا اور فرمانرواؤں میں انسان تھے۔ان کی خدمات کا احاطہ کرنا بہت مشکل ہے۔ خوشی ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایسے محسن پاکستان کی خدمات کا اعتراف کر رہی ہے اور انہیں خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔ ڈین فیکلٹی آف لاء پروفیسر ڈاکٹر آفتاب حسین گیلانی نے نواب سر صادق عباسی پنجم کے دور میں کیے جانے والے تاریخی اقدامات کے بارے میں شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا جبکہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے نواب صاحب کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر صادق چیئر پروفیسر ڈاکٹر شاہد حسن رضوی نے چیئر کے قیام اور اغراض و مقاصدپر روشنی ڈالی۔ سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی برسی کی تقریب میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھا میٹیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ خالد چیئرپرسن شعبہ عربی،ڈاکٹر ناصر حمید ڈائریکٹر انفارمیشن بہاول پور، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل، کنٹرولر امتحانا ت پروفیسر ڈاکٹر سجاد احمد پراچہ،ڈاکٹر محمد طاہر، ڈینز، اساتذہ کرام اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے آخر میں مہمانوں کو یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈ ز بھی دی گئی۔

Ceremony at Islamia University on the occasion of 56th anniversary of Nawab Sadiq 2

مزید پڑھیں