احمد پور شرقیہ: سی سی ڈی پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ، 50 سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم عارف ہلاک
جام پور کا ملزم عارف قتل، شاہراہوں اور گھروں میں ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم کے تقریباً 50 مقدمات میں نامزد , بہاولپور، لیہ، وہاڑی، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھا۔
احمد پور شرقیہ(تحصیل رپوٹر)سی سی ڈی پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ، 50 سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم ہلاک احمد پور شرقیہ: تھانہ صدر کی حدود میں موضع مڈ رشید کے مقام پر سی سی ڈی پولیس اور مشکوک موٹر سائیکل سواروں کے درمیان مبینہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں جام پور کا رہائشی عارف نامی ملزم ہلاک ہو گیا۔
سی سی ڈی پولیس کے مطابق ملزم عارف قتل، شاہراہوں اور گھروں میں ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم کے تقریباً 50 مقدمات میں نامزد اور بہاولپور، لیہ، وہاڑی، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان اضلاع کی پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم عارف تھانہ سی سی ڈی سمہ سٹہ سے جسمانی ریمانڈ کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، جس کے بعد اعلیٰ افسران کی ہدایات پر مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی گئی۔ اسی دوران موضع مڈ رشید کے مقام پر ایک مشکوک موٹر سائیکل کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم موٹر سائیکل سواروں نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق تعاقب کے دوران موٹر سائیکل سواروں اور سی سی ڈی پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے دوران عارف نامی ملزم اپنے ہی ساتھی کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہو گیا، جبکہ دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ سی سی ڈی پولیس نے موقع سے غیر قانونی اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔ واقعے کی مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

