نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ دورہ چین کے لیے بیجنگ پہنچ گئے
بیجنگ ایئرپورٹ پر چین کے وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی وانگ ژوگانگ (Wang Zhigang) پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائیڈونگ (Jiang Zaidong)، پاکستان کے چین میں سفیر معین الحق اور چین و پاکستان کے اعلی سفارتی اہلکاروں نے پرتپاک استقبال کیا.
چین کے صدر شی جن پنگ کی خصوصی دعوت پر نگران وزیرِ اعظم تیسرے بلیٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون (3rd Belt and Road Forum BRF for International Cooperation) میں شرکت کیلئے بیجنگ پہنچ گئے.
وزیرِ اعظم BRF کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے ساتھ ساتھ "Connectivity in an Open Global Economy” میں شرکت اور خطاب کریں گے.
اپنے دورے کے دوران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ چینی صدر شی جن پنگ (Xi Jinping)، پریمئیر لی چیانگ (Li Qiang) اور سی پی سی سینٹرل کمیٹی کی پولیٹبیورو کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن لی شی (Li Xi) سے ملاقات کریں گے.
ان ملاقاتوں میں پاک چین تعلقات بالخصوص تجارت اور اقتصادی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا. اسکے علاوہ علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی مشاورت ان ملاقاتوں کا حصہ ہوگی.
چین میں وزیرِ اعظم چینی کاروباری شخصیات و سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کریں گے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تناظر میں پاکستان اور چین کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر گفتگو کریں گے.
وزیرِ اعظم BRF میں شریک دیگر علاقائی اور بین الاقوامی راہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے.
علاقائی اور پاکستان اور چین کے ہمسایہ ممالک کے مابین روابط و تجارت کے مزید فروغ کیلئے وزیرِ اعظم سنکیانگ کے مرکزی شہر، اورومچی کا دو روزہ دورہ بھی کریں گے. اورومچی میں وزیرِ اعظم مقامی راہنماؤں، کاروباری شخصیات سے ملاقات کے علاوہ سنکیانگ یونیورسٹی کا دورہ اور وہاں خطاب بھی کریں گے.
وزیر اعظم بیلٹ اینڈ روڈ اینی شی ایٹیو (Belt and Road Initiative) کے فلیگ شپ منصوبے چین پاکستان اقتصادی راہداری CPEC کی دسویں سالگرہ کے تناظر میں چین کا دورہ کر رہے ہیں.