نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات
چین پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں بہت اہمیت دیتا ہے : چینی صدر
بیجنگ: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان اور چین کا سٹریٹجک روابط اور بین الاقوامی فورم پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے چین کے صدر شی جن پنگ کو ملاقات کے دوران تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی، وزیراعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کے مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے پیش کردہ 8 نکات کی تعریف کی۔
نگران وزیراعظم اور چینی صدر نے بین الاقوامی سطح پر ابھرتی ہوئی صورتحال میں سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا، ملاقات میں اتفاق کیا گیا دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے اعلیٰ سطح روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین قابل اعتماد شراکت دار اور بہترین دوست ہیں۔
نگران وزیراعظم نے چین کے کلیدی امور پر پاکستان کے غیر مشروط ساتھ کا اعادہ کیا، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات خطے میں امن و استحکام کا باعث ہیں، صدر شی جن پنگ نے کہا کہ پاکستان چین کا مضبوط بھائی، قابل اعتماد دوست اور امن و ترقی میں شراکت دار ہے۔
چینی صدر نے مزید کہا کہ چین پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کی اپنی سالمیت، سرحدوں کے تحفظ اور ترقی کے حصول میں معاونت کرتا رہے گا، دونوں رہنماؤں نے بہتر علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کیلئے باہمی تعاون پر گفتگو کی، نگران وزیراعظم نے کہا پاکستان چین کے ساتھ علاقائی روابط اور پاکستان کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مل کر کام کرتا رہے گا۔
صدر شی جن پنگ نے پاکستان کو ابھرتا ہوا علاقائی تجارت کا مرکز بنانے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی، دونوں رہنماؤں نے سی پیک کو ترقی، روزگار، جدت اور گرین ڈویلپمنٹ کی راہداری بنانے کیلئے کلیدی قرار دیا، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان کی پائیدار اور مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی اس سے منسلک ہے، دونوں ممالک مختلف سطحوں پر سٹریٹجک روابط اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون جاری رکھیں گے۔