Advertisements

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا مختلف میڈیا ہائوسز کا وزٹ، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گا، ملک کے بڑے مسائل پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا بڑا چیلنج ہے، مرتضیٰ سولنگی

Caretaker Federal Information Minister Murtaza Solangi
Advertisements

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گا، ہم بھرپور مدد کریں گے، ملک کے بڑے مسائل پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا بڑا چیلنج ہے، سیاسی اختلاف ضرور کریں لیکن دشمنی نہ کریں، عدم برداشت کا خاتمہ ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت اطلاعات کا چارج سنبھالنے کے بعد ہفتہ کو مختلف میڈیا ہائوسز کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے روزنامہ نوائے وقت، دی نیشن، ایکسپریس نیوز، اوصاف، دنیا نیوز، ہم نیوز، سماءنیوز، 24 نیوز، اے آر وائی نیوز، ڈان نیوز، سنو نیوز اور نیشنل پریس کلب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد عاصم کھچی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میڈیا ہائوسز کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ میڈیا کے اپنے تمام کرم فرمائوں، دوستوں اور احباب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری بے حد پذیرائی فرمائی، اپنی دعائوں اور نیک تمنائوں سے حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ میرے صحافتی گھر نیشنل پریس کلب کے تمام عہدیداروں اور ساتھیوں نے بڑی محبت دی، میں ان سب کا مشکور ہوں۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی مخالفت میں دشمنی کے ماحول کو ختم کرنا ہوگا، لوگوں کو قومی اتفاق کی طرف لے جانا ہوگا۔ عدم برداشت کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات میڈیا کے ساتھ مل کر عوام کو اصل صورتحال سے آگاہ کرے گی۔ الیکشن کے حوالے سے نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن ہی بہتر بتا سکتا ہے، ہم انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی بھرپور معاونت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے ایک نمائندے کے طور پر سازگار پیشہ وارانہ ماحول کی فراہمی اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہوگی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن کامران یوسف کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ان کو لوٹنے والے مجرموں کی گرفتاری کےلئے اقدامات کر رہی ہے۔ نگران وزیر اطلاعات نے اکانومی کے ممتاز رپورٹر شہباز رانا کے والد اور سینئر صحافی ثناءاللہ کے بڑے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین