نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی تقرری اعظم خان کے نام پر اتفاق
پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اعلیٰ کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اعظم خان کے نام پر اتفاق ہو گیا۔
وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعظم خان کے نام پر اتفاق ہونے کا اعلان کیا، اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ، سپیکر اور ان کی جماعت کا مشکور ہوں، جماعت کے بڑے نہ چاہیں تو بات مکمل نہیں ہو سکتی، ہمارا اپنا کوئی اختیار نہیں، جماعتوں کے فارمولے اور ہدایات پر آتے ہیں۔
اکرم درانی نے کہا کہ دو، تین نام حکومت کے تھے، دو نام اپوزیشن کے تھے، تاریخ میں پہلی بار جماعتوں کے درمیان دوریاں ہیں، صوبے میں بدامنی اور مہنگائی کا مسئلہ ہے، پشاور میں پرویز خٹک، وزیراعلیٰ اور سپیکر اور ان کی پارٹی کا بھی مشکور ہوں، دونوں جانب سے اچھے افراد کے نام آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے وزیراعلیٰ کے لیے اعظم خان اور ظفر اللہ کے نام ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اویس احمد آغا اور صاحب زادہ سعید ہیں اور خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے اعظم خان پر اتفاق ہو گیا ہے۔