بخارا اور ملتان کو سسٹر سٹیز قرار دینے کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق، صوفی ازم ہمارا مشترکہ ورثہ ہے:محسن نقوی
کپاس اور گندم کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کے لئے بیج ڈویلپ کرنے کے حوالے سے از بکستان کے تجربے سے استفادہ کریں گے
پنجاب اور ازبکستان کی مشترکہ کمیٹی زرعی تعاون کیلئے فوری اقدامات کریگی، پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سڑک کے ذریعے رسائی سے سیاحت کو فروغ ملے گا
خصوصی وفدکا تاشقند میں جدید کاٹن فیکٹری اور کاٹن فیلڈز کا دورہ، جدید مشینری کا معائنہ،کاٹن پراسیسنگ کاجائزہ،کپاس کے کھیتوں کا بھی معائنہ
پنجاب حکومت کے ساتھ زراعت، سیڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں اشتراک بڑھائیں گے:گورنر بخارا کی پنجاب حکومت کے وفد سے گفتگو
لاہور7اگست:- نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج ازبکستان میں گورنر بخارا بوتیرزریپوف (Mr. Botir Zaripov) سے ملاقات کی،جس میں بخارا اور ملتان کو سسٹر سٹیز قرار دینے کی تجویز سے اتفاق کیا گیا -ملاقات میں بخارا او رملتان کو سسٹر سٹیز قرار دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے گورنر بخارا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوفی ازم ہمارا مشترکہ ورثہ ہے- بخارا اور ملتان کو سسٹر سٹیز قرار دینے سے صوفی ازم اور مذہبی ثقافت کو فروغ ملے گا-پاکستان اور ازبکستان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ازبکستان نے زرعی شعبے میں انقلابی اصلاحات کر کے اپنی معیشت کو مستحکم کیا ہے – پاکستان خصوصا پنجاب ازبکستان کے زرعی انقلاب کے اقدامات سے فائدہ اٹھائے گا-انہوں نے کہا کہ کپاس اور گندم کی بہترین پیداوار حاصل کرنے کے لئے بیج ڈویلپ کرنے کے حوالے سے از بکستان کے تجربے سے استفادہ کریں گے- پنجاب اور ازبکستان کی مشترکہ کمیٹی زرعی تعاون کے لئے فوری اقدامات کرے گی- محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سڑک کے ذریعے رسائی سے سیاحت کو فروغ ملے گا-ہم اپنی زرعی معیشت کو بحال کرنے کے لئے پرعزم ہیں -گورنر بخارا نے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی-گورنر بخارا نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ زراعت، سیڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں اشتراک بڑھائیں گے – نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے وفد کا بخاراائیر پورٹ پہنچنے پر گورنر بخارا نے پرتپاک استقبال کیا – قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی قیادت میں خصوصی وفدنے تاشقند میں جدید کاٹن فیکٹری اور کاٹن فیلڈز کا دورہ کیا-محسن نقوی نے کاٹن فیکٹری میں جدید مشینری کا معائنہ کیااورکاٹن کی پراسیسنگ کاجائزہ لیا -وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کاٹن فیکٹری میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا مشاہدہ کیااور کاٹن فیکٹری میں جدید مشینری کے استعمال کے اقدام کوسراہا – ازبک حکام نے وزیراعلیٰ محسن نقوی او رپنجاب حکومت کے وفد کو کاٹن فیکٹری میں جدید مشینری کے استعمال اوراس کی افادیت کے بارے میں بریفنگ دی -محسن نقوی نے کہا کہ کوشش ہے کہ اس طرح کی جدید کاٹن فیکٹریاں پنجاب میں بھی لگائی جائیں۔ اس ضمن میں ازبک حکومت کے ساتھ اشتراک کار بڑھایا جائے گا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفد نے کپاس کے کھیتوں کا بھی معائنہ کیااور بہترین کپاس کی فصل پر ازبک کے زرعی ماہرین کی کاوشوں کی تعریف کی-محسن نقوی نے کہا کہ کپاس کی زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے ازبکستان کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کیا جائے گا۔ ازبکستان پنجاب کی زراعت کو فائدہ پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ دورہ زرعی شعبہ میں تعاون کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفد کوبریفنگ میں بتایا گیا کہ ازبکستان خطے میں کپاس پیدا کرنے والے سرفہرست ممالک میں سے ایک ہے اورازبکستان میں کپاس کی فی ایکڑ اوسط پیداوار 700 سے 1800 کلوگرام ہے۔ازبکستان کے موسمی حالات پنجاب کے موسمی حالات سے مطابقت رکھتے ہیں۔صوبائی وزراء ایس ایم تنویر،عامر میر،چیف سیکرٹری پنجاب،میجر جنرل شاہد،سیکرٹری زراعت پنجاب،اپٹماکے مرکزی رہنماء گوہر اعجاز، فواد مختار،شاہدستار،نصیر اللہ، ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے کمشنرز بھی اس موقع پرموجود تھے-