موٹروے پولیس بیٹ 21 احمد پو رشرقیہ کی فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف مہم جاری

چنی گوٹھ (نامہ نگار) ندیم گُل اعوان ڈی ایس پی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس بیٹ نمبر 21 احمد پور شرقیہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی جی موٹر وے انعام غنی اور ڈی آئی جی سنٹرل زون محمد سلیم کی ہدایت پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس بیٹ نمبر 21 احمد پور شرقیہ کی فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔ندیم گُل اعوان نےکہا کہ ایسی ایچ ٹی وی گاڑیاں جو پریشر ہارن کا استعمال کرتی ہیں ان کے ساتھ ساتھ جو گاڑیاں زیادہ دھواں چھوڑتی ہیں اور سموگ کا باعث بنتی ہیں اور ایسی ایچ ٹی وی گاڑیاں جو سیکنڈ لائن کا مسلسل استعمال کرتی ہیں ان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور متعدد گاڑیوں کو قانون کی خلاف ورزی کرنے پر 24 گھنٹوں کیلئے بند بھی کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ اور فوگ کے بارے میں ہمارے آفیسرز روڈ یوزر کو بریف کرتے ہیں کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک اس سال میں 2000 سے زائد روڈ یوزر کو مدد فراہم کی گئی ۔ڈی ایس پی ندیم گل اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ موٹروے پر شدید دھند کے دوران سفر کرنے والے ڈرائیورز کو چاہیے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں فوگ لائٹس نصب نہ کرنیوالوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گیں۔