مارچ کے آخر تک پنجاب کے ہر خاندان کے پاس ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“،سالانہ 10 لاکھ روپے مفت علاج کی سہولت
یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر 400 ارب روپے خرچ کر ینگے، 36 اضلاع کے 11 کروڑ عوام تاریخ ساز پروگرام سے مستفید ہونگے
٢٣ نئے ہسپتال،8 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال، 158 ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، 78 نئی ہیلتھ فسلیٹیز، پنجاب کو صحت کے حوالے سے ماڈل صوبہ بنائینگے
سابق حکومت کے مقابلے میں ہماری حکومت نے شعبہ صحت کے بجٹ میں 200 گنا اضافہ کیا ہے:عثمان بزدار
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے اجراء کی تقریب سے خطاب
لاہور26 جنوری: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتا ہوں کہ ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے ذریعے ہمیں عوام کی خدمت کی توفیق دی ہے۔ ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے خواب کو تعبیر ملی ہے۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء خیبرپختونخوا سے شروع ہوا اور ہیلتھ کارڈ کا یہ سفر ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور لاہور ڈویژن سے ہوتا ہوا آج راولپنڈی ڈویژن تک پہنچا ہے۔ راولپنڈی ڈویژن کے تقریباً 30لاکھ خاندان مفت علاج کرا سکیں گے۔ راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے اضلاع کے شہری 10 لاکھ روپے سالانہ مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ راولپنڈی ڈویژن کیلئے”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے ذریعے شہری پینل پر موجود 56 ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتیں حاصل کرسکیں گے۔ وہ آج وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر پنجاب حکومت 400 ارب روپے خرچ کر ے گی اور مارچ کے آخر تک پنجاب کے ہر خاندان کو ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ پنجاب کے 36 اضلاع کے 11 کروڑ عوام اس تاریخ ساز پروگرام سے مستفید ہوں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شعبہ صحت کی بہتری پر خصوصی توجہ دی ہے۔معیاری ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔پنجاب حکومت کی شعبہ صحت سے متعلقہ ٹیم نے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے۔انشاء اللہ ہم پنجاب کو صحت کے حوالے سے ماڈل صوبہ بنائیں گے۔پنجاب میں 23 نئے ہسپتال بن رہے ہیں اور متعدد ہیلتھ فسلیٹیز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔سابق حکومت کے مقابلے میں ہماری حکومت نے شعبہ صحت کے بجٹ میں 200 گنا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں 8 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بن رہے ہیں۔ساڑھے 3 برس میں 158 ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا ہے اور 78 نئی ہیلتھ فسلیٹیز بنائی گئی ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وزیراعظم عمران خان کا صحت کی معیاری سہولتوں کی عام آدمی تک رسائی کا خواب پورا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت پورا پاکستان ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کی سہولت سے مستفید ہوگا۔عام آدمی کو معیاری علاج کی سہولتیں فراہم کرنا ریاست مدینہ کی جانب سے ایک اہم قدم ہے۔ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں تک رسائی عوام کا حق بھی ہے اور پاکستان تحریک انصاف کا منشور بھی۔