Advertisements

قائد اعظم کے افکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنا سکتے ہیں۔ سلیم قیصر، ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور

Quaid-e-Azam
Advertisements

بہاول پور: 27/دسمبر ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور سلیم قیصر نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے افکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنا سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بات بانیئ پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم پیدائش کے سلسلے میں بہاول پور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ ملی نغموں کے فیملی پروگرام ”جیوے جیوے پاکستان“ میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم جیسی عظیم شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔قائد اعظم کے زرّیں اصولوں ایمان،اتحاد اور تنظیم پر عمل کر کے ہم اپنے پیارے وطن کو دنیا کا عظیم ملک بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قائد اعظم محمد علی جناح کے عظیم افکار کا مطالعہ کریں اور علم و ہنر کی ترویج و ترقی کو اپنی زندگی کا بنیادی اور اہم مقصد بنائیں۔ اس موقع پر مصباح رانی، ابرار عباسی، مصطفی میر اور شاہد علی خان کے علاوہ دیگر فنکاروں نے ملی نغموں کے ذریعے وطن سے اپنی  محبت کا اظہار کیا۔ملی نغموں کی رات گئے تک جاری رہنے والی اس خوبصورت تقریب میں مسیحی بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار اور قائد اعظم محمد علی جناح کے جنم دن کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا جس میں ڈائریکٹر آرٹس کونسل سلیم قیصر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تعلقات عامہ بہاول پور سید عابد حسن رضوی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل اکاؤنٹس اینڈ فنانس سہیل کامران میتلا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آرٹس کونسل بہاول پور ذکا اللہ ملک کے علاوہ دیگر نے بھی شرکت کی۔