Contact Us

ضمنی الیکشن: ن لیگ کا صفایا،قومی اسمبلی کی 6 نشستیں عمران کے نام،دو پر پی پی فاتح

Imran & Allah

عمران خان نے قومی اسمبلی کے 6 حلقوں میں کامیابی حاصل کرکے اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا

قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے 11 حلقوں میں ہونیوالے ضمنی الیکشن کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کا صفایا ہو گیا، پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 6 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہو گئی، پیپلز پارٹی کے حصے میں دو نشستیں آئیں۔ پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں میں سے دو حلقے پی ٹی آئی کے نام رہے جبکہ ن لیگ صرف ایک صوبائی سیٹ جیت سکی۔

این اے 22مردان

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق  این اے 22 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار مولانا محمد قاسم کو زیر کر لیا۔ فاتح امیدوار نے 76681 ووٹ لیے جبکہ رنر اپ امیدوار 68181 ووٹ لے سکے۔

 یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی محمد خان نے 58577 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی اس وقت بھی متحدہ مجلس عمل کے امیدوار مولانا محمد قاسم 56318 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

این اے 24 چارسدہ

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے اے این پی کو تقریباًٰ دس ہزار کی لیڈ سے ہرایا۔

 این اے 24 چارسدہ کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے 78589 ووٹ حاصل کیے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان 68356 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے۔

یاد رہے کہ 2018 کے جنرل انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فضل محمد خان نے این اے 24 میں فتح حاصل کی تھی اور اس وقت عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کو پچھاڑ دیا تھا۔ فاتح امیدوار نے 83495 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ رنر اپ امیدوار 59483 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

این اے 31 پشاور

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور کے حلقے این اے 31 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے 59972 ووٹ لیکر فتح حاصل کی۔

 پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حمایت یافتہ امیدوار اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے امیدوار حاجی غلام احمد بلور نے 34724 ووٹ حاصل کیے۔

یاد رہے کہ 2018ء کے الیکشن میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شوکت علی نے 87 ہزار 895 ووٹ لیکر فتح حاصل کی تھی جبکہ مخالف امیدوار عوامی نیشنل پارٹی کے حاجی غلام احمد بلور نے 42476 ووٹ حاصل کیے تھے اور دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ اس سیٹ پر متحدہ مجلس عمل کے محمد صدیق الرحمان نے 11657 ووٹ حاصل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

خیال رہے کہ 2013ء میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے عام انتخابات میں اے این پی کے حاجی غلام احمد بلور کو واضح ووٹوں کی برتری سے شکست دی تھی تاہم بعد میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں اے این پی کے حاجی غلام احمد بلور پی ٹی آئی کو شکست دیکر قومی اسمبلی پہنچے تھے۔

این اے 108 فیصل آباد

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 108 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے پاکستان مسلم لیگ ن کو ہرا دیا۔

 سابق وزیراعظم عمران خان نے 99841 ووٹ حاصل کر کے فتح کو گلے لگایا جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی 75266 نے ووٹ حاصل کیے۔

یاد رہے کہ اس حلقے میں 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فرخ حبیب نے 112740 ووٹ لیکر فتح حاصل کی تھی۔جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی 111529 نے ووٹ حاصل کیے تھے

این اے 118 ننکانہ صاحب

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کو 12 ہزار کی برتری سے شکست دی۔ 

 پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان نے 90180 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی نے 78 ہزار 24ووٹ حاصل کیے تھے۔

 یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں این اے 118 کا الیکشن اعجاز احمد شاہ نے جیتا تھا، انہوں نے 63818 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی امیدوار شذرہ منصب علی 61413 ووٹ حاصل کر سکیں تھی جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار 49345 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے تھے

این اے 157 ملتان

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار علی موسیٰ گیلانی نے 107327ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔

 دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی نے 82141 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس طرح پاکستان پیپلز پارٹی نے یہ سیٹ 24 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے جیتی۔

یاد رہے کہ علی موسیٰ گیلانی اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق وفاقی حکومت میں بھی 2012ء کے دوران ضمنی الیکشن میں فتح حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ 2018ء کے الیکشن میں مذکورہ سیٹ پاکستان تحریک انصاف نے جیتی تھی، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی کو شکست دی تھی۔

بعد ازاں پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے زین قریشی نے مذکورہ سیٹ چھوڑ کر صوبائی سیٹ پر الیکشن لڑا تھا جس پر انہوں نے ن لیگ کے امیدوار کو زیر کیا تھا۔

این اے 237 ملیر کراچی

این اے 237 کراچی کے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبد الحکیم بلوچ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کو ہرا دیا۔

 پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار نے 32567 جبکہ پی ٹی آئی چیئر مین نے 22493 ووٹ حاصل کیے۔

یاد رہے کہ 2018ء کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمیل احمد خان نے 33280 ووٹ لیکر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کو شکست دیدی تھی۔ رنر اپ امیدوار 31907 ووٹ لے سکے تھے۔

این اے 239 کورنگی کراچی

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان نے 50014 ووٹ لے کر میدان مار لیا جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سیّد نیئر رضا 18116 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

پی پی 139 شیخوپورہ

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے چودھری افتخار بھنگو 36435 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے، پی ٹی آئی کے ابو بکر شرقپوری 34973 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

یاد رہے کہ 2018ءکے عام انتخابات میں یہ سیٹ پاکستان مسلم لیگ ن نے جیتی تھی، اس وقت لیگی امیدوار جلیل احمد شرقپوری نے فتح کو گلے لگایا تھا، پنجاب میں نمبر گیم کی صورتحال کے دوران انہوں نے ن لیگ سے استعفیٰ دیدیا تھا اور پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ جس کے بعد ان کی جگہ پر ٹکٹ جلیل شرقپوری کے کزن ابو بکر شرقپوری کو دیا تھا۔ 

پی پی 209 خانیوال

پی پی 209 کے ضمنی الیکشن پاکستان تحریک انصاف نے تقریباً چودہ ہزار کی ووٹوں کی برتری سے جیت لیا ۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد فیصل خان نیازی  71586 ووٹ لیکر کامیاب ٹھہرے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری ضیاء الرحمان نے 57864 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

 یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پی پی 209 خانیوال سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد فیصل خان نیازی نے 55214 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عبدالرزاق خان 38937 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

خیال رہے کہ حمزہ شہباز کے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے دوران عدم اعتماد کی نمبر گیم کی صورتحال میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار فیصل خان نیازی نے عہدے سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

اُدھر پی پی 241 میں پاکستان تحریک انصاف نے پاکستان مسلم لیگ ن کو تقریباً 9 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دیدی۔

 پی ٹی آئی کے امیدوار ملک مظفر خان اعوان نے 57537 ووٹ لیکر فتح حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار امان اللہ ستار باجوہ نے 48650 ووٹ حاصل کیے۔

یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کاشف محمود نے 48543 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی ، پی ٹی آئی کے امیدوار ملک محمد مظفر خان نے 44184 ووٹ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی تھی تاہم جعلی ڈگری کی پاداش میں کاشف محمود کو نا اہل کر دیا گیا تھا

عمران خان نے قومی اسمبلی کے 6 حلقوں میں کامیابی حاصل کرکے اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے 7 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں 6 میں کامیابی حاصل کرکے 2018 کے عام انتخابات میں 5 نشستیں جیتنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔

عمران خان نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا

قومی اسمبلی کے 7 حلقوں کے ضمنی انتخابات میں عمران خان امیدوار تھے اور انہوں نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے ضمنی انتخابات میں 6 نشستوں پر فتح کے ساتھ ہی 2018 کے عام انتخابات میں 5 نشستیں جیتنے کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پیپلزپارٹی کے بانی و سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو بیک وقت 5 حلقوں سے الیکشن لڑ چکے ہیں، انہیں 4 میں فتح اور ایک پر شکست ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں