مطالبات پورے ہونے تک کسی قسم کی واپسی نہیں ہوگی، بشریٰ بی بی

Bushra Bibi

جو رکن یا عہدیدار 24 نومبر کو غائب ہوا اس کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی 24 نومبر احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے سرگرم عمل ہوگئیں۔  ذرائع کے مطابق جلسے میں کارکنوں کو متحرک بنانے کیلئے بشریٰ بی بی میدان میں آگئیں اور وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ہونے والے جنوبی اور پشاور ریجن اجلاسوں سے  خطاب بھی کیا۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کا کہنا تھاکہ اس احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے تمام توانائی استعمال کی جائے گی، رکن صوبائی اسمبلی  پانچ ہزار جبکہ رکن قومی اسمبلی 10 ہزار کارکنان جمع کرے گا۔  ذرائع نے بتایاکہ بشریٰ بی بی نے ہدایت کی کہ احتجاج میں شامل کارکنوں کی ویڈیوز گاڑی کے اندر سے لی جائیں، مطالبات پورے ہونے تک کسی قسم کی واپسی نہیں ہوگی اور تمام مظاہرین مقرر کردہ جگہ پر موجود رہیں گے

 عمران خان کی اہلیہ کا کہنا تھاکہ ہر پارلیمٹرینز کا قافلہ الگ ہوگا، دوسرے قافلے کے ساتھ نہیں ملے گا، 24 نومبر کو کارکنوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کارکنوں کو ٹرانسپورٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔  انہوں نے پارٹی عہدیداروں کو پیغام دیا کہ 24 نومبر کو جو رکن اسمبلی اورعہدیدار غائب ہوا اس کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔  خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے، اس کے علاوہ احتجاج کی تیاریوں کے حوالے سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی پشاور میں متحرک ہیں۔