صحافی میاں زاہد اویسی پر وحشیانہ حملہ آزادیٔ صحافت پر حملہ ہے: جرنلسٹس الائنس
حملہ آوروں کی فوری گرفتاری، شفاف تحقیقات اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ
بہاولپور، 7 جون 2026: جرنلسٹس الائنس نے روزنامہ خبریں کے کرائم رپورٹر میاں زاہد اویسی پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آزادیٔ صحافت، آزادیٔ اظہارِ رائے اور قانون کی حکمرانی پر حملہ قرار دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق میاں زاہد اویسی کو ملتان روڈ پر بندرہ پل کے قریب 10 سے 15 مسلح افراد نے گھیر کر ڈنڈوں اور سوٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
جرنلسٹس الائنس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک صحافی پر دن دیہاڑے ہونے والا یہ حملہ نہ صرف ایک فرد بلکہ آزاد صحافت اور عوام کے حقِ معلومات پر حملہ ہے۔ پاکستان میں صحافیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں اور صحافتی فرائض کی انجام دہی کو مزید خطرناک بنا رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں۔ اگر میڈیا کے نمائندے خود محفوظ نہیں تو عام شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی سنگین سوالات جنم لیتے ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کریں تاکہ وہ بلاخوف و خطر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔
جرنلسٹس الائنس نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے میں ملوث تمام عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور واقعہ کی مکمل، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ذمہ داران کو قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔
جرنلسٹس الائنس کے مطابق تھانہ صدر بہاولپور پولیس نے صحافی میاں زاہد اویسی کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دریں اثناء ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسے قابل مذمت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
جرنلسٹس الائنس ملک بھر میں صحافیوں کے تحفظ، آزادیٔ صحافت اور آزادیٔ اظہارِ رائے کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

