لاہور29اگست 2023…گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں جامع مسجد الصادق، بہاولپور چڑیا گھر اور چولستان میں قدیم تہذیب گنویری والا کی باقیات کی تلاش کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے افسران نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران افسران نے گورنر پنجاب کو جامع مسجد الصادق، بہاولپور چڑیا گھر اور چولستان میں قدیم تہذیب گنویری والا کی باقیات کی تلاش کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر یہ طے کیا گیا کہ چولستان میں گنویری والا آثار قدیمہ کی دریافت کے بارے میں کھدائی کا کام اکتوبر میں ہر صورت شروع کیا جائے گا ۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ چولستان کے اندر جوقدیم ورثہ اور تہذیب دفن ہے اسے دریافت کر کے قدیم تہذیب کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔ قدیم وادی سندھ کی تہذیب کی بھی باقیات کے بارے میں بھی مذید معلومات مل سکتی ہیں۔ انہوں نے اس بات کی توقع کہ قدیم وادی سندھ کی تہذیب میں موہنجوداڑو اور ہڑپہ کے سائز جتنے شہر یہاں بھی دریافت ہو سکتے ہیں ۔ اس سے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر پہچان ملنے کے ساتھ سیاحت کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے درمیان روابط مضبوط بنانے سے طلبا کو قدیم تہذیب کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے اور تحقیق کرنے کا موقع ملے گا۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ جامع مسجد الصادق اور بوستان عزیز سمیت وقف املاک کی بہتر دیکھ بھال کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جامع مسجد الصادق کی فنڈنگ بڑھا کر مسجد کے انتظام و انصرام میں بہتری لائی جائے۔اُنہوں نے مسجد الصادق کی صفائی ستھرائی، واش رومز ، نماز کے ہالز، فرش، مینار پنکھے، تنصیبات کی صفائی ستھرائی کے بارے میں خاص ہدایات دیں۔گورنر پنجاب نے مسجد بوستان عزیز جو حفیظ الرحمن نے بنا کر وقف کر دی تھی اس کی بہتری اور مستقبل کی منصوبہ کے حوالے سے بھی ہدایات دیں۔
بہاولپور چڑیا گھر کے حوالے سے اجلاس میں طے کیا گیا کہ اس کا قدیمی نام شیر باغ کو بحال کیا جائے گا، چڑیا گھرکو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے،یہاں نئے جانور لائے جائیں اورپرانے جانوروں کی بہتر دیکھ بھال کی جائے۔ گورنر پنجاب نے ہداہت دی کہ کہ ٹکٹنگ، پارکنگ اورپنجروں کے اندر جانوروں کے کھانے پینے کے حالات بہتر کیے جائیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں جہاں اور ماڈل چڑیا گھر بنائے جا رہے ہیں وہاں بہاولپور چڑیا گھر کو بھی اپ گریڈ اور مزید بہتر کیا جائے گا۔ ملاقات میں یہ بھی طے کیا گیا کہ لال سوہانرا نیشنل پارک کو بھی مزید بہتر کیا جائے گا اور اس کے علاوہ چوک فوارہ جنازہ کی بہتری کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری،کمشنر بہاولپور ڈاکٹراحتشام انور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بہاولپور جام آفتاب، سیکرٹری ٹورازم آصف بلال لودھی، ہیڈ آف آرکیالوجی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر خلیل احمد، سیکرٹری اوقاف طاہر رضا بخاری، ڈی جی وائلڈ لائف مبین الہی، سیکرٹری فارسٹ مدثر وحید ملک، ایڈمنسٹریٹر اوقاف بہاولپور غلام عباس، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر نبیل اعوان اور سپیشل سیکرٹری ٹو گورنر عمر سعید سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔