Advertisements

چیمپئنز ٹرافی کی شکل میں بریک تھرو ملا ہے، اب اس کی دست برداری کا کوئی خدشہ نہیں، آئی سی سی میں کافی بحث کے بعد یہ ایونٹ ملا: رمیز راجہ

Rameez Raja
Advertisements

لاہور (نوائے احمد پور شرقیہ رپورٹ/ بدھ، 17 نومبر 2021ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی شکل میں بریک تھرو ملا ہے، اب اس کی دست برداری کا کوئی خدشہ نہیں، آئی سی سی میں کافی بحث کے بعد یہ ایونٹ ملا۔ اب ہم انفرادی طور پر اس کی میزبانی کریں گے۔

رمیز راجہ نے آن لائن پریس کانفرنس کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے سے متعلق گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے بہت کام کرنا ہے، پچز بہتر کرنی ہیں، گراؤنڈز بہتر کرنے ہیں، میرے آنے یا جانے سے فرق نہیں پڑنا چاہیے، یہ بڑا ایونٹ ہے، بطور بورڈ کام کرنا ہوتا ہے۔

Advertisements

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اس بڑے ایونٹ کی میزبانی میں بہت سے لوگوں کا ہاتھ ہے، پاکستان کو صرف پی ایس ایل کی وجہ سے میزبانی نہیں ملی ۔ہم ان چند ملکوں میں سے ہیں جو اکیلے ٹورنامنٹ کروا رہے ہیں، بڑے ٹورنامنٹ کروانے ہیں تو ٹیم کو بھی اچھا پرفارم کرنا ہوگا۔ رمیز راجہ نے کہا کہ ایشیا کپ بھی پاکستان میں ہونا ہے، پچھلے آٹھ سال سے جو چھوٹے چھوٹے قدم لے رہے تھے یہ سب اس کا نتیجہ ہے، آئی سی سی میں کیس رکھنا آسان نہیں تھا، جو رائے بنی ہوئی تھی اس کو تبدیل کرنا مشکل تھا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی دست برداری کے بعد تھوڑی مشکل ہوئی تھی مگر ہم نے خود کو منوایا۔

رمیز راجہ نے پاک بھارت سیریز سے متعلق کہا کہ دو طرفہ سیریز فی الحال تو مشکل ہے، بین الاقوامی ٹورنامنٹس سے دست بردار ہو جانا اتنا آسان نہیں ہوتا، چیئرمین بی سی سی آئی سارو گنگولی کے ساتھ میرا پرانا تعلق ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے ملتوی کی جانے والی سیریز سے متعلق کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے فیصلوں کے بعد ہم کافی جذباتی تھے جس کے بعد دنیا کو ہمارے جذبات کا اندازہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی کرکٹ میں پاکستان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، آئی سی سی کو بھی اندازا ہے کہ پاکستان کافی محنت کر رہا ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ دنیا نے اب تسلیم کر لیا ہے کہ یہاں سکیورٹی بہترین ہے، آزاد ماہرین کہتے ہیں کہ پاکستان میں فٹ بال لیگ انگلش پریمیئر لیگ (ای پی ایل) اور فارمولا ون سے بہتر سکیورٹی ہے۔ انہوں نے آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے حوالے سے کہا کہ آسٹریلیا میں ورلڈ کپ کے لیے پلان ہے، بہت جلد بتاؤں گا کہ ہمیں کیسے کام کرنا ہے، ریلیکس ماحول میں کرکٹ ہونی چاہیے، سکیورٹی کا مطلب سب کچھ بند کر دینا نہیں ہو گا۔

رمیز راجہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق کہا کہ بابر اعظم نے شاندار کپتانی کی ہے، انہوں نے ٹیم کو بہترین انداز میں چلایا۔ پریس کانفرنس میں چیئرمین نے مزید کہا کہ تمام اسٹیڈیمز کو وائی فائی سے آراستہ کریں گے، فینز ہماری کرکٹ کی شہ رگ ہیں۔