سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے کے اندر 2 دھماکے سے 12 افراد شہید اور 53 زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے پولیس نے تصدیق کی کہ تحصیل کبل میں سی ٹی ڈی تھانہ کے اندر دھماکا ہوا لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ
دہشت گردی کی کارروائی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد تھانے کے کمرے کی چھت گرگئی۔
پولیس نے بتایا کہ تھانے میں 2 دھماکے ہوئے جس کے ساتھ ہی بجلی منقطع ہوگئی اور آگ لگ گئی۔اس حوالے سے ڈی ایچ او نے بتایا کہ دھماکے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور دھماکے کے بعد زخمیوں کو سیدو شریف اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
ڈی ایچ او نے تصدیق کی کہ دھماکے سے 12 افراد شہید اور 53 سے زائد زخمی ہیں جبکہ شہدا میں ایک خاتون اہلکار بھی شامل ہیں۔
سیدو شریف اسپتال انتظامیہ نے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ علاوہ ازیں پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کا اظہار مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے کبل میں سی ٹی ڈی تھانہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار
کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سوات میں سی ٹی ڈی تھانےمیں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا دہشت گردی کے اس ناسور کو جلد جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی سوات میں سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر دیا جائے گا۔