میرا شادی کرنے کا ارادہ ہے: بلاول بھٹو کی ویڈیو وائرل
لاہور: وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کہتے ہیں میرا شادی کرنے کا ارادہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری جوکہ 34 برس کے ہوگئے ہیں لیکن اب تک اُنہوں نے شادی نہیں کی، اس لیے اکثر پاکستانیوں کو یہ جاننے کا کافی تجسس ہے کہ وہ کب شادی کریں گے۔ بلاول بھٹو کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر بھی اسی سوال کا سامنا کرنا پڑا۔
عرب نیوز کی سماجی رابطے کی ویب سئٹ ٹویٹر پر ویڈیو میں غیر ملکی صحافی کو وزیرخارجہ سے سوال پوچھتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ میرے پاکستانی دوست پوچھ رہے ہیں کیا آپ کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ ہے؟
بلاول بھٹو زرداری اس سوال کے جواب میں ہنستے ہوئے کہتے ہیں کہ بالکل، میرا شادی کرنے کا ارادہ ہے
بلاول یہ مختصر جواب دینے کے بعد صحافی کے شادی کرنے کے وقت سے متعلق سوال کا جواب دیے بغیر ہی فوراَ وہاں سے آگے بڑھ گئے۔
لہٰذا بلاول بھٹو نے اپنی شادی سے متعلق سب سے زیادہ پوچھے جانے والے سوال کا جواب اس بار بھی نہیں دیا۔
البتہ پیپلز پارٹی کے ایک رہنما منظور وسان، جو سیاسی پیشگوئیاں کرنے کے لیے مشہور ہیں، اُنہوں نے اس حوالے سے بھی اپنی پیشگوئی کردی ہے۔
منظور وسان نے دسمبر 2019ء میں کہا تھا کہ بلاول پاکستان کے وزیر اعظم بننے کے بعد 2023 میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے اپنی ہونے والی دلہن کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں 2016 میں کہا تھا کہ میری شادی اس لڑکی سے ہوگی جو سب سے پہلے میری بہنوں کا دل جیتے، مجھے اس حوالے سے بہنوں کو اعتماد میں لینا ہوگا۔