بلاول بھٹو کی لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات

Bilawal Bhutto with Nawaz Sharif in London

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی اور ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

 بلاول بھٹو سابق وزیراعظم سے ملاقات کےلیے اسٹین ہوپ ہاؤس میں واقع نواز شریف کے صاحبزادے کےدفتر پہنچے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ نون کے تاحیات صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے نتیجے میں سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے کی مبارکباد دی۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مجموعی سیاسی صورت حال آئندہ عام انتخابات، گورنرز کی تقرری جبکہ سیاسی معاملات میں افہام و تفہیم اور اتفاق رائے سے ساتھ چلنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم اور پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخابات میں کامیابی پر بھی مبارکباد بھی دی۔
میاں نواز شریف سے بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں پیپلزپارٹی کی جانب نوید قمر، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ نون کی طرف سے اسحاق ڈار، عابد شیر علی، حسین نواز بھی موجود تھے۔
اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف سے ملاقات ضروری ہے، ایک بار پھر ہم نے پاکستان میں جمہوریت کو بحالی کی طرف لے جانا ہے
بلاول کا کہنا تھا کہ  نواز  شریف کا جمہوریت کی بحالی میں کردار اور قربانی سب کے سامنے ہے، اس نیت کے ساتھ آیا ہوں کہ ان چیلنجز کا مقابلہ تب کرسکتے ہیں جب شانہ بشانہ کھڑے ہوں
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف بیرونی سازش نہیں یہ جمہوری سازش تھی، عمران خان کے خلاف وائٹ ہاؤس کی نہیں بلاول ہاؤس کی سازش تھی،  عمران خان کا بیانیہ ہےکہ مجھے کیوں نہیں بچایا۔
نوید قمرکا کہنا ہےکہ جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا وقتی فائدہ دے گا لیکن آخر میں تو جھوٹ انجام تک پہنچنا ہے، عمران خان نے اب تک جو کارروائی کی ہے وہ آئین اور قانون کے برعکس ہے ،عمران خان کو بجائے اپنی کرسی کے پاکستان کے مفاد کا سوچنا چاہیے۔

مزید پڑھیں