لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے منظوری کے بعد محمد بلیغ الر حمٰن نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی جہاں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بلیغ الرحمٰن سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی شرکت کی۔
خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے بلیغ الرحمان کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ صدر عارف علوی نے منظوری وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر آئین کے تحت دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب کا حلف اٹھانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ’ بلیغ الرحمن گورنرپنجاب کے منصب کو عوامی فلاح کیلئے استعمال کریں گے
انہوں نے کہا کہ آج آئین اور قانون کی بالادستی ہوئی ہے، آئین سے کھلواڑ کرنے والوں نے نا صرف وزیراعلیٰ بلکہ گورنر کے حلف میں بھی رکاوٹیں ڈالیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے۔