گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے سپیڈو بس سروس کے فلیٹ میں 8 اضافی بسوں اور بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو نئی مشینری کی فراہمی کا افتتاح کیا

Baligh-ur-Rehman inauguration for speedo bus service

بہاول پور:25/جون ( )گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں سپیڈو بس سروس کے فلیٹ میں 8 اضافی بسوں اور بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو نئی مشینری کی فراہمی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی افضل گِل، ایم پی اے حسینہ بیگم، سابق صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ، سابق ایم این اے بیگم پروین مسعود بھٹی، سابق ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، ٹکٹ ہولڈر ڈاکٹر رانا محمد طارق، مسلم لیگ (ن) کے رہنما عقیل نجم ہاشمی،میاں عثمان اویسی، میاں شاہد اقبال، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر، کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا اور سیاسی و سماجی رہنما موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ دورمیں اہلیان بہاول پور سے سپیڈو بس سروس کا حق چھین لیا گیا اوربہاول پور اور لودہراں کے لوگوں کو اس شاندار سہولت سے محروم کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت پر سپیڈو بس سروس بحال کر دی گئی ہے اور اس سروس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے 8 اضافی بسیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی سہولت کے لیے سپیڈو بس سروس کے دائرہ کار میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی خصوصی توجہ سے صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی قائم کی گئی جس سے بہاول پور میں صفائی کا معیار بلند ہوا۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو صفائی ستھرائی کے کاموں کے لیے مزید مشینری فراہم کی گئی ہے جس میں آپریشنل وہیکلز، کنٹینرز، ڈمپرز اور دیگر مشینری شامل ہے۔ گورنر پنجاب نے بتایا کہ بہاول پور ریلوے اسٹیشن پر قراقرم ایکسپریس  کا سٹاپ بحال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ذخیرہ بائی پاس کے مقام پر پل کی تعمیر کا کام بھی مکمل کیا جارہا ہے تاکہ لوگوں کو آمد و رفت میں سہولت  ہو۔اس سلسلہ میں این ایچ اے کو فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ میڈیا نمائندگان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے گورنر پنجاب نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے جن میں سول ہسپتال، ہوم اکنامکس کالج کی تعمیر، انڈر پاس، دو رویہ سڑکیں، وٹرنری یونیورسٹی، کارڈیک سنٹر، کڈنی سنٹر اور دیگر ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں۔

Baligh-ur-Rehman inauguration for speedo bus service 2

مزید پڑھیں