Contact Us

بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے بہاول پور شہر کے مین ہولز کے ڈھکنوں کی جیو ٹیگنگ کا عمل شروع کمشنرراجہ جہانگیر انور

Bahawalpur Waste Management Company started geo-tagging process of manhole covers

بہاول پور:31/ اکتوبر  کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر بھر کے مین ہولز کے ڈھکنوں کی جیو ٹیگنگ کا عمل شروع کیا جا چکا ہے جس سے بہاول پور کو زیرو مین ہول کورمسنگ شہر بنانے میں بھرپور مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر رابطہ فیصل عطا خان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن میاں محمد آصف، منیجنگ ڈائریکٹر بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر، ایکسئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد فاروق اور دیگر متعلقہ انتظامی محکمہ جات کے افسران موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ شہر بھر میں عدم دستیاب مین ہولز کورز اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار مین ہولز کورز کا جیوٹیگنگ اور لوکیشن کے حساب سے مکمل سروے کرایا جائے۔نیز ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور عدم دستیاب ڈھکنوں والے مین ہولزکو فوری طور پر ٹھیک کرنے کے حوالہ سے حکمت عملی مرتب کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مین ہولز کے حوالے سے کئے جانے والے سروے کے دوران صحیح اور تصدیق شدہ معلومات ہی مرتب کی جائیں اور ان معلومات کو محفوظ کرنے کے حوالہ سے بھی نظام وضع کیا جائے۔ راجہ جہانگیر انور نے ہدایت کی کہ مین ہولز کی جیو ٹیگنگ کے حوالے سے کئے جانے والے سروے کے دوران  اورینٹیشن سیشن منعقد کئے جائیں اور جیو ٹیگنگ کے حوالہ سے مین ہولزکے سروے کے لئے تشکیل شدہ ٹیموں کی باقاعدہ تربیت بھی کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران و سٹاف سروے کے دوران تصدیق شدہ معلومات اکٹھی کریں اور فیلڈ وزٹ کے دوران جمع ہونے والے ڈیٹا کو مرتب کرنے کے بعد اس کی تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن بھی کرائی جائے۔بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بی ڈبلیو ایم سی کی جانب سے بہاول پور کو زیرو مین ہول کورمسنگ شہر بنانے کے لئے سروے اور جیو ٹیگنگ کا عمل جاری ہے اور سروے کے دوران جمع شدہ معلومات کو باقاعدہ مرتب کیا جا رہا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اخترنے اجلاس کو بتایا کہ بہاول پورشہر کی 19یونین کونسلوں میں 25924مین ہولز کا سروے کیا گیا ہے اور سروے کے دوران اکٹھی کی جانے والی معلومات کے مطابق بہاول پور میں 2631مین ہولز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ 1056مین ہولز کے کورعدم دستیاب ہیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژ ن نے ہدایت کی کہ افسران و سٹاف جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر فرائض منصبی ادا کریں اور عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ رکھا جائے۔

مزید پڑھیں