Advertisements

نئے ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا

Ghazi Muhammad Salahuddin New Regional Police Officer Bahawlpur
Advertisements

غازی محمد صلاح الدین نے آر پی او آفس کی مختلف برانچز کا دورہ کیا، اور دستیاب سہولیات، عملے کی کارکردگی اور زیرِ عمل امور کا تفصیلی جائزہ لیا
بہاولپور: نئے تعینات ہونے والے ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے آر پی او آفس پہنچ کر اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ آر پی او آفس آمد پر ڈی پی او بہاولپور محمد حسن اقبال، ایس پی لیگل ریجن محمد خان، ایس پی آر آئی بی حسن رضا، ڈی ایس پی/اے ڈی آئی جی محمد یونس علی، ڈی ایس پی لیگل توقیر انور سمیت دیگر افسران و سٹاف نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
بعد ازاں آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے آر پی او آفس کی مختلف برانچز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے برانچز میں دستیاب سہولیات، عملے کی کارکردگی اور زیرِ عمل امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے برانچز ہیڈز سے ان کے کام کے حوالے سے بریفنگ لی اور ہدایات جاری کیں کہ ہر سطح پر پیشہ وارانہ معیار، شفافیت اور عوامی خدمت کو یقینی بنایا جائے۔آفس وزٹ کے بعد آر پی او نے تمام برانچز ہیڈز سے الگ الگ ملاقات بھی کی اور جاری امور پر بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بروقت کارروائی، عوامی شکایات کا فوری ازالہ اور انصاف کی فراہمی پولیس کی بنیادی ذمہ داریاں ہیں جن پر سختی سے عمل کیا جائے۔اس موقع پر آر پی اوبہاولپور نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، ان کے جائز مسائل کا فوری حل، اور مظلوم کی داد رسی اُن کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اُن کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت عوام کے لیے کھلے ہیں اور شہری بلا جھجھک اپنے مسائل بیان کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ چارج سنبھالنے سے قبل غازی محمد صلاح الدین بطور ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، اسپیشل پروٹیکشن یونٹ پنجاب اور ڈی آئی جی ویلفیئر پنجاب اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔