بہاول پور میوزیم جنوبی پنجاب کی ثقافت کا امین ہے الطاف خان بلوچ سیکریٹری کمیونیکشن اینڈ ورکس جنوبی پنجاب

بہاول پور : بہاول پور میوزیم جنوبی پنجاب کی ثقافت کا امین ہے۔ یہ خطہ ثقافتی اور تہذیبی حوالے سے زرخیز ہے۔ یہاں کی ثقافت کے تمام رنگ میوزیم میں محفوظ ہیں جبکہ چولستان کا منفرد کلچر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے۔ ریاست بہاول پور کے نوادرات، گندھارا و انڈس سولائزیشن میوزیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں معاون ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سیکریٹری کمیونیکشن اینڈ ورکس جنوبی پنجاب الطاف خان بلوچ نے گزشتہ روز اپنے دورہ میوزیم پر کیا۔ انھوں نے کہا کہ بہاول پور میوزیم کا قیام اس خطہ میں کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ دریں اثناء ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے ڈپٹی ڈائریکٹر رشید احمد ارشد اور آفیسر تعلقات عامہ نادیہ نورین کے ہمراہ سیکرٹری جنوبی پنجاب کو خوش آمدید کہا اور نو تعمیر فرنٹ ایلیویشن اور سر صادق محمد خان میموریل ہال و گیلری کے بارے میں بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ میوزیم کی عمارت سٹیٹ آف دی آرٹ ہے جہاں ریاست بہاول پور کی نوادرات کو زیادہ نمایاں طور پر ڈسپلے کیا جائے گا تاکہ بیرون ممالک سے وزٹ کرنے والے وفود ، تاریخ کے طلبہ و طالبات اور ریاست کے مختلف پہلوؤں پر تحقیق کرنے والے محقیقین استفادہ کر سکیں۔ ڈائریکٹر میوزیم نے مزید بتایا کہ میوزیم میں پورا سال سالانہ کیلنڈر کے تحت ثقافتی و ادبی سرگرمیاں، سیمنار، سمپوزیم، قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں سمیت مقامی،قومی و بین الاقوامی اہمیت کے حامل ایام کو بھرہور طریقے سے منایا جاتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ میوزیم انتظامیہ اپنے وزیٹرز کو مصدقہ معلومات اور اچھا ماحول فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔
