اسلامیہ یونیورسٹی: بہاول پور لٹریری اینڈ کلچرل فیسٹیول کے تیسرے روز کتابوں کی رونمائی، فلم سکرینگ، روبرو، میڈیا کنکلیواور گرینڈ محفل مشاعرہ

اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں بہاول پور لٹریری اینڈ کلچرل فیسٹیول کے تیسرے روز کتابوں کی رونمائی، فلم سکرینگ، روبرو، میڈیا کنکلیواور گرینڈ محفل مشاعرہ منعقد ہوئی۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں پاکستانی فلم انڈسٹری کل اور آج کے موضوع پر ہونے والے میڈیا کنکلیو میں سید نور، ناصر ادیب، آمنا مفتی، نذیر لغاری، شیما کرمانی، رضوان رضی نے میزبان سجاد پرویز کے ساتھ پاکستانی سینما کے عروج اور زوال پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ دور جدید کے عہد جدید کے پاکستانی فلم انڈسٹری اپنا کھویا مقام حاصل کرے گی۔ شیما کرمانی اور آمنا مفتی کے مابین روبرو میں پاکستان میں فنون لطیفہ اور پرفارمنگ آرٹ سے متعلق دلچسپ گفتگو ہوئی۔ نامور تجزیہ نگار مجاہد بریلوی نے شیما کرمانی کے ہمراہ حبیب جالب کی انقلابی شاعری "لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے”کے پس منظر پر گفتگو کی اور اس مشہور نظم پر شیما کرمانی نے پرفارم کیا۔ گرینڈ محفل مشاعرہ کی صدارت سید تابش الوری نے کی اور محفل مشاعرہ میں امبرین حسین امبر، عقیل عباس جعفری، اظہر فراغ، گل نو خیز اختر، منصور آفاق، آغا صدف مہدی اور دیگر نامور شاعر شریک ہوئے۔ دریں اثنا اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں جاری بہاول پور لٹریری اینڈ کلچر ل فیسٹیول میں کتب کی نمائش، زرعی اور صنعتی نمائش، دستکاریوں کی نمائش، پھولوں کی نمائش اور فوڈ کورٹ کی رنگینیاں جاری ہیں اور پورا کیمپس میلے کا سماں پیش کر رہا ہے۔ گزشتہ روز پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کے ساتھ روبرو میں سجاد پرویز نے وائس چانسلر کی زندگی اور جدوجہد پر گفتگو کی اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد رانا کی وائس چانسلر پر لکھی کتاب کی رونمائی میں پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے اظہار خیال کیا۔ گزشتہ رات علاقائی موسیقی کی شاندار محفل میں وہا ب بگتی، ظہور لوہار، عارف ملغانی، موہن بھگٹ، شعبان چاچڑ اور دیگر علاقائی فنکاروں نے پرفارم کیا۔ ایمفی تھیٹر میں ہونیو الے تھیٹر پروفارمنس میں ملتان سے آئے ہوئے تھیٹر اور یونیورسٹی کے تھیٹر گروپ نے اپنے فن کا شاندار مظاہر ہ کیا۔

