ایچی سن کالج لاہور میں واقع بہاولپور ہاؤس عباسی خاندان کے تعلیمی ورثے کی ایک اہم یادگار ہے : پرنس بہاول عباسی
میرے جدِ امجد نواب صادق محمد خان چہارم نے اپنے صاحبزادے نواب بہاول خان پنجم کے لیے اس عمارت کی تعمیر کروائی تھی
بہاولپور ہاؤس کی حالیہ تزئین و آرائش اور بحالی، جس کا افتتاح 3 نومبر 2026 کو کالج کی 140ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر کیا گیا ایک خوش آئند اقدام ہے ولی عہد امیر آ ف بہاولپور کا افتتاحی تقریب سے خطاب
لاہور : لاہور کے ایچی سن کالج میں واقع بہاولپور ہاؤس ہماری ریاستی تاریخ اور عباسی خاندان کے تعلیمی ورثے کی ایک اہم یادگار ہے۔ اس عمارت کی تعمیر میرے جدِ امجد نواب صادق محمد خان چہارم نے اپنے صاحبزادے نواب بہاول خان پنجم کے لیے کروائی تھی، تاکہ وہ لاہور میں دورانِ تعلیم یہاں قیام فرما سکیں۔ بعد ازاں یہ عمارت کالج کو عطیہ کر دی گئی۔ ایچی سن کالج کا حالیہ دورہ میرے لیے اس تاریخی تعلق کو قریب سے دیکھنے اور اپنی خاندانی و ریاستی میراث سے وابستہ یادوں کو تازہ کرنے کا ایک اہم موقع تھا۔
بہاولپور ہاؤس کی حالیہ تزئین و آرائش اور بحالی، جس کا افتتاح 3 نومبر 2026 کو کالج کی 140ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر کیا گیا، ایک خوش آئند اقدام ہے۔ یہ ہماری تاریخی عمارات اور ورثے کو محفوظ رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

تاریخ کا ایک ذاتی نقش
محفوظ ستون اسی کالج میں ایک تاریخی ستون بھی محفوظ ہے جس پرامیر آ ف بہاولپور نواب محمد عباس خان عباسی نے خود اپنے دستِ مبارک سے اپنا نام تحریر فرمایا تھا۔ یہ محض ایک نام نہیں بلکہ ہماری تاریخ کا ایک ذاتی نقش اور ہمارے اسلاف کی موجودگی کی ایک یادگار ہے۔ ایچی سن کالج کی جانب سے اس ستون کو محفوظ رکھنا قابلِ قدر ہے، تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس تاریخی تعلق سے آگاہ رہیں۔ ہماری تاریخ، ہمارے اسلاف کی روایات اور ان کی علمی و تعلیمی خدمات ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی حفاظت اور انہیں آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

خیال رہے بہاولپور کے سابق حکمران عباسی خاندان کی پانچ نسلیں نواب بہاول خان عباسی پنجم،نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم، نواب محمد عباس خان عباسی،نواب صلاح الدین عباسی اور ولی عہد پرنس بہاول عباس خان عباسی ایچیسن کالج لاہور کے فارغ التحصیل ہیں

