بہاول پور میں سٹیٹ آف دی آرٹ کھیلوں کے میدان اور انٹر نیشنل لیول کا جمنیزیم موجود ہے

Bahawalpur has state-of-the-art playgrounds and an international level gymnasium

بہاول پور میں سٹیٹ آف دی آرٹ کھیلوں کے میدان اور انٹر نیشنل لیول کا جمنیزیم موجود ہے کمشنر راجہ جہانگیر انور ——– کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے نوجوان نسل کی بھرپور پذیرائی کی جائے گی کمشنر کا عزم

بہاول پور:8/جون ( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ بہاول پور میں سٹیٹ آف دی آرٹ کھیلوں کے میدان اور انٹر نیشنل لیول کا جمنیزیم موجود ہے جن سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے بہترین مواقع میسر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل سپورٹس آفس بہاول پور کے زیر اہتمام کمشنر کپ انٹر ڈسٹرکٹ سمر سپورٹس گالا 2022ء کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی،ڈویژنل سپورٹس آفیسر مقصود الحسن جاوید،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر بہاول پور محمد عامر حمید، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رحیم یار خان محمد اشفاق اورڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر بہاولنگر یاسمین اختر سمیت کھلاڑیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ مستقبل میں ونٹر اور سمر اولمپکس کی طرز پر بہاول پور میں کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کروانے کا شیڈول بنایا جا رہا ہے اور بہت جلد اس طرز پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان مقابلہ جات میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو وظائف بھی دیئے جائیں گے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیرانور نے کہا کہ انہیں نوجوان نسل کو ہم نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں اور صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے نوجوان نسل کی بھرپور پذیرائی کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ڈویژنل سپورٹس آفس بہاول پور کے زیر اہتمام کمشنر کپ انٹر ڈسٹرکٹ سمر سپورٹس گالا 2022ء کے سلسلے میں ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور کے جمنیزیم ہال میں والی بال بوائز/ گرلز، بیڈمنٹن بوائز/ گرلز، کراٹے بوائزو گرلز، ٹیبل ٹینس بوائز و گرلز، ہینڈ بال بوائز و گرلز اور آرچری بوائز و گرلز کے مقابلہ جات منعقد کروائے جا رہے ہیں۔ ان مقابلہ جات میں رحیم یار خان، بہاول پوراور بہاول نگر کے 300 سے زائد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ کمشنر کپ انٹر ڈسٹرکٹ سمر سپورٹس گالا 2022ء کے سلسلے میں پہلے دن کراٹے کے مقابلہ جات میں بہاول پور نے 145 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور رحیم یار خان نے 100 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ گرلز والی بال کے مقابلہ جات میں بہاول نگر نے بہاول پور والی بال ٹیم کو 1 کے مقابلے میں 2 سیٹ سے ہرا دیا۔ بوائز والی بال میں بہاول پور نے بہاول نگر کو صفر کے مقابلے میں 2 سیٹ سے ہرا دیا۔ بیڈمنٹن بوائز مقابلہ جات میں رحیم یار خان اور بہاول نگر کے درمیان میچ کھیلا گیا جو رحیم یار خان نے سنگل اور ڈبل مقابلوں میں 16-21 اور 14-21 سے ہرا دیا جبکہ گرلز مقابلوں میں رحیم یار خان نے بہاول نگر کو سنگل اور ڈبل جبکہ گرلز مقابلوں میں رحیم یار خان نے بہاول نگر کو سنگل اور ڈبل مقابلوں میں 11-21اور 15-21 سے ہرا دیا۔ ٹیبل ٹینس گرلز کے مقابلہ جات میں بہاول پور نے رحیم یار خان کو صفر کے مقابلے میں 2 سیٹ سے ہرا دیاجبکہ ٹیبل ٹینس کے مقابلہ جات میں بہاول نگر نے پہلی اور رحیم یار خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔