امسال بہاول پور ڈویژن نے 21 لاکھ 32 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی بوائی کرکے نیا قومی ریکارڈ قائم کیا کمشنر ڈاکٹر احتشام انور
بہاول پور:24/اکتوبر : کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ امسال بہاول پور ڈویژن نے 21 لاکھ 32 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی بوائی کرکے نیا قومی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ رواں سال پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 48,02,000 ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت گئی جس میں بہاول پور ڈویژن کا حصہ 44 فیصد سے زائدہے۔انہوں نے کہا کہ قبل ازیں یہ ریکارڈ ملتان ڈویژن کے پاس تھا جہاں 2006 کے دوران 21,02,000 ایکڑ پر کپاس کی بوائی کی گئی تھی۔ڈاکٹر احتشام انورنے کہا کہ اعدادوشمار کے مطابق اس سال قومی خزانے کو بہاول پور ڈویژن میں کاشتہ کپاس کے ذریعے ایک بلین ڈالر کی آمدنی متوقع ہے۔ کمشنر بہاول پور نے کہا کہ اس قومی ریکارڈ کا سہرا ٹیم ورک کا نتیجہ ہے جس میں بہاول پور، بہاول نگر اور رحیم یار خان اضلاع کی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی اورہدف کے حصول میں محکمہ زراعت نے کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی اس قدر کثیر رقبے پر کاشت درحقیقت وزیراعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی ہدایت پر کی گئی تھی، جو اپنے وژن کے مطابق شدید معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے چار ماہ کے قلیل عرصے میں 3 ارب ڈالر ایک ایسے وقت میں اکٹھا کرنا چاہتے تھے جبکہ آئی ایم ایف کو پاکستان کے لیے محض ایک بلین ڈالر کے اجراء میں دو سال سے زیادہ کا عرصہ لگا تھا۔ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ ہدف کے حصول میں ان چار ماہ کے دوران اس وقت کے سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو نے ذاتی دلچسپی لی اور اس عرصے میں محکمہ زراعت کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لیے کم از کم نصف درجن بار بہاول پور کا دورہ کیا تھا۔ کمشنربہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے مزید بتایا کہ ایک وقت میں کپاس کی فصل کیڑوں کے حملے کی وجہ سے شدید دباؤ کا شکار تھی لیکن کیڑے مار ادویات بنانے والی کمپنیوں کے تعاون اور ملک میں پہلی بار اس علاقے میں وسیع پیمانے پر ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے صورتحال بہتر ہوئی اور کیڑوں کے حملے کو کم وقت میں کنٹرول میں لایا گیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی جانب سے ان تمام لوگوں کے لیے جلد ہی خصوصی مالیاتی ایوارڈز کا اعلان کیا جا رہا ہے جنہوں نے کئی سالوں کے وقفے کے بعد صوبے میں کپاس کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا۔