بہاول پور شہر کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے گورنر پنجاب
بلیغ الرحمن کا کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں اظہارِ خیال
بہاول پور:30/جنوری: گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ بہاول پور شہر کا ماسٹر پلان تیار کیا جائے جس میں ضروریاتِ زندگی کی تمام بنیادی سہولیات شامل کی جائیں۔ وہ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں اظہارِ خیال کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ، ڈاکٹر رانا طارق اور میاں شاہد اقبال بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بہاول پور کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مذبحہ خانہ اور نئی منڈی مویشیاں کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جھانگڑہ شرقی موٹر وے لنک روڈ کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے موثر حکمت عملی بنائی جائے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیوریج سسٹم کی بحالی و بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرنگ اسٹیڈیم میں 37کروڑ روپے کے تخمینہ سے اتھلیٹک ٹریک بنایا جارہا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کرکٹ پویلین اور دیگر سپورٹس سرگرمیوں کی تعمیر کا منصوبہ جاری ہے۔