بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات اتحاد گروپ نے تیرہ جبکہ بزنس گروپ نے گیارہ نشستیں حاصل کیں
بہاولپور چیمبر کی کارپوریٹ کلاس میں اتحاد گروپ کو آٹھ جبکہ بزنس گروپ کو چار نشستیں ملیں،ایسوسی ایٹ کلاس میں بزنس گروپ نے سات نشستوں پر کامیابی حاصل کی حریف اتحاد گروپ پانچ نشستیں حاصل کر سکا
تحصیل احمدپور شرقیہ سے اتحاد گروپ کے کارپوریٹ کلاس سے تعلق رکھنے والے دو امیدوار محمد شفیع انجم اور ملک عثمان رشید کامیاب ہوئے جبکہ بزنس گروپ کے چوہدری محمد جاوید منتخب نہ ہو سکے،احمد پور شرقیہ کے رہائشی سو فیصد اراکین نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے-منظور ایاز خان رہنما اتحاد گروپ
بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا حالیہ انتخاب احمدپور شرقیہ میں نئی صف بندی،میاں محمد عمر عباسی، میاں محمد گزین عباسی بزنس گروپ کے ساتھی جبکہ عدنان فرید اور برہان فرید نے اتحاد گروپ سے ہاتھ ملا لیا
ملک عثمان رشید اتحاد گروپ کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہوئے جبکہ اُنکے پھوپھی زاد بھائیوں ملک قذافی اور ملک ریحان نے بزنس گروپ کا بھر پور ساتھ دیا اور انکی حمایت بھی نہیں کی
بہاولپور : بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں چوہدری طارق بشیر چیمہ کے حمایت یافتہ اتحاد گروپ اور چوہدری سعود مجید کی رہنمائی میں سرگرم بزنس گروپ کے مابین کانٹے دار مقابلہ ہوا جس میں اتحاد گروپ نے چوبیس میں سے تیرہ جبکہ بزنس گروپ نے گیارہ نشستیں حاصل کیں- تفصیلات کے مطابق کارپوریٹ کلاس کے انتخابی معرکہ میں اتحاد گروپ کے آٹھ امیدوار چوہدری عبد الجبار،مبشر حسین،محمد حبیب ملک،محمد شفیع انجم، شعیب چیمہ،شفیق الرحمن اور ملک عثمان رشید بوبک کامیاب قرار پائے اسی طرح بزنس گروپ کے چار امیدوار چوہدری محمود مجید،محمد عدیل بھٹّی،ملک محمد اعجاز ناظم اور چوہدری وحید ارشد منتخب ہوئے
بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایسوسی ایٹ کلاس کے انتخاب میں بزنس گروپ نے سات نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ اتحاد گروپ پانچ نشستیں حاصل کر سکا- انتخابی نتائج کے مطابق بزنس گروپ کے سات امیدوار عمار احمد سلیمی،ملک فراز احمد،محمد سرفراز،نصیر احمد ناصر،جمشید کریم ،عدیل طارق،اور خالد فاروق منتخب ہوئے جبکہ اتحاد گروپ کے پانچ امیدوار چوہدری محمد اشتیاق بسرا،سعدعاشق بلوچ، سردار نجیب اللہ خان ، چوہدری راشد کریم اور عاطف محمود شیخ کامیاب ہو سکے
دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں ایک بار پھر تحصیل احمد پور شرقیہ نے کلیدی کردار ادا کیاہے – اتحاد گروپ احمد پور شرقیہ کے معروف رہنما منظور ایاز خان نے نوائے احمدپور شرقیہ کو بتایا کہ سب ڈویژن احمد پور شرقیہ سے تعلق رکھنے والے کارپوریٹ کلاس کے تمام پچیس کے پچیس اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ تحصیل احمد پور شرقیہ کے ایسوسی ایٹ کلاس کے 95میں سے 91 اراکین نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے- احمد پور شرقیہ سے بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کارپوریٹ کلاس کے لیے اتحاد گروپ کے دو امیدوار محمد شفیع انجم اور سابق چیئرمین بلدیہ احمدپور شرقیہ ملک عثمان رشید بوبک منتخب ہوئے جبکہ بزنس گروپ کے چوہدری محمد جاوید کامیاب نہ ہو سکے اُنہوں نے 123 جبکہ ملک عثمان رشید بوبک نے 125ووٹ حاصل کیے
مزید براں اتحاد گروپ کے سرگرم رہنما منظور ایاز خان نے بتایا کہ اتحاد گروپ دو ووٹوں کی اکثریت سے خواتین کی دو مخصوص نشستیں حاصل کر لے گا جس کے بعد اتحاد گروپ کے پاس نشستوں کی تعداد پندرہ ہو جائے گی جبکہ حریف بزنس گروپ گیارہ نشستوں تک محدود رہے گا اور یوں اتحاد گروپ باآسانی چوہدری عبدالجبار کو صدر منخب کر لے گا-
بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے حالیہ انتخابات میں نئی صف بندی دیکھنے میں آئی مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے قاضی عدنان فرید کے چھوٹے بھائی قاضی برہان فرید نے مسلم۔لیگ ن کے حمایت یافتہ بزنس گروپ کی بجائے اتحاد گروپ کا ساتھ دیا اس کے بر اتحاد گروپ کے امیدوار ملک عثمان رشید بوبک کے پھوپھی زاد بھائیوں ملک قزافی اور ملک ریحان نے بزنس گروپ کا کھل کر ساتھ دیا- مسلم لیگ ن کے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے محنت و افرادی قوت صاحبزادہ محمد گزین خان عباسی ایم پی اور انجمن اتحاد عباسیہ پاکستان کے سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد عمر خان عباسی کی معاونت بھی بزنس گروپ کو حاصل تھی

