بہاول پور میوزیم علاقائی ثقافت اور ریاست بہاول پور کے تزک و احتشام کا بہترین ترجمان ہے: آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکینس

بہاول پور کی ثقافت و ورثہ منفرد اور جاندار ہیں۔ بہاول پور میوزیم علاقائی ثقافت اور ریاست بہاول پور کے تزک و احتشام کا بہترین ترجمان ہے۔
عجائب گھر اپنے علاقہ و ملک کا آئینہ ہوتے ہیں جو ماضی بعید سے مستقبل قریب تک کے واقعات کو تسلسل کے ساتھ بیان کرتے ہیں۔ یہ قومی و بین الاقوامی سطح پر جذبہ خیر سگالی کو تقویت دیتے ہیں اور ثقافتوں کے مابین پل کابھی کردار ادا کرتے ہیں۔ عجائب گھر اپنی کمیونٹی کی ترقی اور تحقیق کو فروغ دینے میں بھی معاون ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکینس نے گزشتہ روز اپنے دورہ میوزیم کے موقع پر کیا جہاں ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی انعم فاطمہ، چئیرمین شعبہ مطالعہ پاکستان و ڈین فیکلٹی قانون ڈاکٹر آفتاب گیلانی، آسٹریلین الیومینائی ڈاکٹر ابوبکر اور میوزیم افسران نے انکا استقبال کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر میوزیم محمد زبیر ربانی نے انھیں سرائیکی اجرک اور سونئیر بھی پیش کیا۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے اسلامی فنون، آثار قدیمہ اور مخطوطات و خطاطی گیلریز میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ میوزیم کا اثاثہ یہ گیلریاں انسانی و اجتماعی زندگی کے شواہد اور مسلمانوں کے علوم و فنون کو منفرد انداز سے اجاگر کر رہی ہیں۔ قبل ازیں ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے آسڑیلین ہائی کمشنر کو میوزیم کے قیام اور اسکے تاریخی پس منظر بارے بریف کیا جبکہ ڈاکٹر آفتاب گیلانی نے مہمانوں کو ریاست بہاول پور کی تاریخ اور یہاں کی ثقافت بارے معلومات دی۔ کیمسٹ سعدیہ نورین و دیگر افسران نے نیل ہاکینس کو نوادرات بارے بریفنگ دی۔

