Contact Us

بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر بدترین شکست، آسٹریلیا چھٹی بارکرکٹ کا عالمی چیمپئن

Australia wins sixth time World Cricket Champion Title


بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کے فائنل میں بھارت کا 241 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے 43 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔

آسٹریلیا کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھ بار چیمپئن بننے والی ٹیم بن گئی ہے جو اس سے قبل 1987، 1999، 2003، 2007 اور 2015 میں بھی ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی یہ ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی، بھارتی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے تمام 9 لیگ میچز میں کامیابی کے بعد سیمی فائنل میں بھی کامیاب ہوئی تھی تاہم فائنل میں کینگروز نے بھارتی ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا اور صرف 47 رنز پر  تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے تاہم ٹریوس ہیڈ اور مارنوس لبوشین ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو میچ میں واپس لے آئے۔

ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مارنوس لبوشین 58 رنز اور گلین میکسویل 2 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا کی اننگز کی شروعات ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے کی۔ آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صرف 16 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ وارنر صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

41 رنز کے مجموعی اسکور پر کینگروز کو دوسرا نقصان مچل مارش کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 15 رنز بناکر وکٹوں کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے۔ 47 کے مجموعی اسکور پر اسٹیون اسمتھ بھی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی طرف سے جسپریت بمراہ نے 2 جبکہ محمد شامی اور محمد سراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 240 رنز بناسکی اور اس کی پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں بھارتی بلے باز رنز کے ڈھیر لگانے کی روایت کو برقرار نہ رکھ سکے۔

ٹیم کے اوپنر شبمن گل میگا ایونٹ کے فائنل میں ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے، وہ محض 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان روہت شرما نے 47 جبکہ ویرات کوہلی نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔

مڈل آرڈر بیٹر کے ایل راہول نے 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں شریاس ایر 4، رویندرا جڈیجا 9، محمد شامی 6، جسپریت بمراہ ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 3، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے دو دو جب کہ ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کی ٹرافی اٹھانے کیلئے پُرعزم ہیں، کوشش کریں میچ میں کامیابی سمیٹ کر شائقین کو حیران کریں۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ آج تاریخ دوہرانے کا موقع ہے کوشش کریں گے ٹائٹل اپنے نام کریں۔

دونوں ٹیموں کے کپتانوں کا کہنا تھا کہ پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

ٓ

مزید پڑھیں