آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
لاہور: لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 115 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے اپنے نام کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی اور کراچی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا اور دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 29 مارچ سے ہوگا جس کی میزبانی لاہور کرے گا
آسٹریلیا نے کھیل کے چوتھےروز اپنی دوسری اننگز 227 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی تھی جس کے بعد پاکستان کو جیت کیلئے 351 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن قومی ٹیم کھیل کے آخری روز 235 پر ہی ڈھیر ہوگئ
کھیل کے آخری روز پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 73 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے سیشن میں ہی عبد اللہ شفیق 27 رنز پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد آنے والے اظہر علی بھی زیادہ دیر پچ پر نہ ٹھہر سکے
اظہر علی کو لیون نے 105 کے مجموعے پر صرف 17 رنز پر ہی پویلین روانہ کردیا بعد ازاں امام الحق 70 اور فواد عالم 11 رنز بناکر جب کہ محمد رضوان 0 پر آؤٹ ہوگئے
ساجد خان اور بابر اعظم نے رنز کے مجموعے کو آگے بڑھایا لیکن یہ پارٹنر شپ بھی کچھ دیر ہی چل سکی اور بابر اعظم 55 رنز جب کہ ساجد 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔
ساجد خان کے بعد آنے والے حسن علی 13 اور شاہین آفریدی ایک رن پر آؤٹ ہوگئے
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے نسیم شاہ کی وکٹ اڑا کر ٹیم کو فتح دلوائی اور اس طرح آسٹریلیا نے میچ 115 رنز سے جیت لیا۔