اسسٹنٹ کمشنر راجہ قاسم محبوب جنجوعہ کا رمضان سستا بازار کا اچانک دورہ

احمدپورشرقیہ()اسسٹنٹ کمشنر راجہ قاسم محبوب جنجوعہ نے زراعت آفیسر کامران جبار کے ہمراہ رمضان سستا بازار کا اچانک دورہ کیا ۔ خریداری کےلئے آئے ہوئے خواتین و حضرات سے رمضان بازار میں مہیا سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں جس پر خریداری کےلئے آئے ہوئے افراد نے اسسٹنٹ کمشنر قاسم محبوب جنجوعہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں سستا رمضان بازارکسی نعمت سے کم نہیں ۔ سستا رمضان بازار احمدپورشرقیہ میں خریداری کےلئے آئے ہوئے افراد نے مزید کہا کہ اشیاء خوردنوش،فروٹس اور سبزیوں کی کوالٹی بہترین اور وافر مقدار میں موجود ہیں اور قیمتیں بھی عام بازار کی نسبت انتہائی مناسب ہیں ۔ اسسٹنٹ کمشنر راجہ قاسم محبوب نے رمضان بازار میں قائم مختلف اسٹالز پر جا کر اشیاء کی کوالٹی اور سرکاری ریٹ لسٹ کو چیک کےا اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسٹالز ہولڈرز کو شاباش دی اور انہیں کہا کہ اشیاء کی کوالٹی اور ریٹس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور پہلے آئےں اور پہلے پائےں کے اصول پر عمل کرتے ہوئے خریداری کےلئے آنے والے افراد کو چیزیں مہیا کی جائےں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان بازار میں آلو ، پیاز ، ٹماٹر ، کدو ، لہسن ، بھنڈی ، امرود ، سیب ، لیمو ، کیلا ، کھجور ، بیسن اور دال کی قیمتوں پرعام بازار کی نسبت 25فیصد سبسٹی دےتے ہوئے خصوصی رعایت کے ساتھ فروخت کی جارہی ہیں اور باقی اشیاء میں بھی عام بازار کی نسبت کم قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں ۔ اورخریداری کی غرض سے آنے والے افراد کےلئے بیٹھنے کےلئے بہترین انتظام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر رمضان سستا بازار میں کسی چیز کے متعلق کوئی شکایت کرنی ہو تو یہاں پر شکایت رجسٹر موجود ہے جس میں آنے والے افراد اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں جس کا فوری ازالہ ہوگا ۔ اس موقع پر سینئر ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر اعجاز قریشی،انسپکٹر مارکیٹ کمیٹی غلام قادر اور محمد سجاد بھی موجود تھے ۔