تجاوزات کے خاتمے اور ستھرا پنجاب مہم سمیت دیگر اقدامات کی مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر
سرکاری اداروں پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے دفتر میں آنے والے سائلین سے بہتر رویہ ابنانا جائے میونسپل کمیٹی اوچ شریف کےجائزہ اجلاس میں ہدایات
اوچ شریف (نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے کہا ہے کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم کے گورننس بہتری انیشی ایٹوز (کے پی آئیز) کے تحت تجاوزات کے خاتمے اور ستھرا پنجاب مہم سمیت دیگر اقدامات کی مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ جاری رکھی جائے، وہ گزشتہ روز میونسپل کمیٹی اوچ شریف میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوچ شریف قاضی محمد نعیم، سینئر سب انجینئر عمران حسین گشکوری، انفورسمنٹ انسپکٹر جام سجاد ابراہیم جھلن، سینٹری انسپکٹر محمد شاہد ریاض اور سینٹری سپر وائزر محمد عامر تبسم اور دیگر اہلکاران بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر محمد نوید حیدر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر میں صفائی ستھرائی، سیوریج لائنوں کی صفائی، آوارہ کتوں کی تلفی، عملہ کی حاضری، واٹر فلٹریشن پلانٹس کے مکمل آپریشنل ہونے سمیت دیگر امور کی بھرپور نگرانی کی جائے، انہوں نے میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے مختلف برانچز کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں
اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نے کہا کہ سرکاری اداروں پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے دفتر میں آنے والے سائلین سے بہتر رویہ ابنانا جائے، معیاری سہولیات عوام کا حق اور ہماری محکمانہ و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ جو کام خدمت خلق کے جذبے سے کیا جائے اس کی نہ صرف عوام قدر کرتے ہیں بلکہ مخلوق کی خدمت پر اللہ تعالٰی بھی راضی ہو گا۔ دریں اثنا اجلاس میں چیف آفیسر قاضی محمد نعیم نے اسسٹنٹ کمشنر کو میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے اہم اقدامات اور دیگر امور سے متعلق بریفنگ دی، اوچ شریف آمد پر اسسٹنٹ کمشنر نے خیر پور ڈاہا روڈ پر قائم ماڈل ریڑھی بازار کا بھی دورہ کیا۔