اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر کی ہدایت پر اوچ شریف شہر میں بارش کے پانی کی نکاسی، کیچڑ اور تجاوزات کے خلاف بڑا ایکشن

گلی کوچوں، محلوں، بازاروں اور مرکزی شاہراہوں پر صفائی کی خصوصی مہم جاری ہے، جس میں میونسپل کمیٹی کا عملہ بھرپور طریقے سے شریک ہے
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر کی خصوصی ہدایت پر اوچ شریف شہر میں صفائی ستھرائی، بارش کے پانی کی نکاسی اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف ایک منظم کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہری علاقوں میں گلی کوچوں، محلوں، بازاروں اور مرکزی شاہراہوں پر صفائی کی خصوصی مہم جاری ہے، جس میں میونسپل کمیٹی کا عملہ بھرپور طریقے سے شریک ہے۔بارشوں کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں جمع شدہ پانی کی نکاسی کے لیے نکاسی آب کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ کیچڑ اور گندگی کے خاتمے کے لیے جدید مشینری اور افرادی قوت کو میدان میں اتار دیا گیا ہے۔ صفائی کی اس مہم کے دوران ان تمام علاقوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جہاں سے شہریوں کی شکایات موصول ہو چکی تھیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر کا کہنا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی عوامی راستے بند کرنے یا غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس ضمن میں متعدد دکانداروں اور تجاوزات قائم کرنے والوں کو نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔شہریوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اور انتظامیہ کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی تاکہ اوچ شریف کو ایک صاف اور خوبصورت شہر بنایا جا سکے۔