اسسٹنٹ کمشنر محترمہ اقراء ناصر کی زیرِ صدارت ریونیو ریکوری کے حوالے سے تفصیلی اجلاس
اجلاس کے دوران مختلف مواضعات میں ریونیو ریکوری کی موجودہ صورتحال، مقررہ اہداف کے حصول اور واجبات کی وصولی میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
احمدپورشرقیہ (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے شفاف، مؤثر اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے ویژن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر اے پی ای محترمہ اقراء ناصر کی زیرِ صدارت ریونیو ریکوری کے حوالے سے ایک تفصیلی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پٹواریوں، ریونیو فیلڈ سٹاف اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مختلف مواضعات میں ریونیو ریکوری کی موجودہ صورتحال، مقررہ اہداف کے حصول اور واجبات کی وصولی میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر اے پی ای نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی بروقت وصولی کو یقینی بنایا جائے، ریکوری کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے اور زیرِ التواء معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے۔
محترمہ اقراء ناصر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومتی محصولات کی مؤثر وصولی ریاستی وسائل کے استحکام اور عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ریونیو اہداف کے حصول، فیلڈ مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے اور کارکردگی میں بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں-

