اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ فیصل احمد نے شمس محل اوچ شریف میں تاریخی نوادرات کی زیارت کی
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ فیصل احمد نے کہا ہے کہ سلسلہ قادریہ غوثیہ کے بزرگان دین نے اشاعت اسلام اور عوام کی فلاح و بہبود میں کلیدی کردار ادا کیا، سجادگان نے علم و ادب کی آبیاری کر کے خطہ پاک اوچ کا برصغیر میں نام روشن کیا، وہ گزشتہ روز شمس محل اوچ شریف میں سینئر پارلیمنٹرین و سجادہ نشین درگاہ قادریہ غوثیہ عالیہ پیر مخدوم سید افتخار حسن گیلانی سے ملاقات کے بعد تاریخی و روحانی نوادرات اور مخطوطات کی زیارات کے موقع پر تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نے کہا کہ اسلامی تاریخ کی عظیم ہستیوں سے منسوب کئی سو سال قدیم متبرک اشیا کی حفاظت اور ان کی شایان شان دیکھ بھال کے انتظامات بجائے خود ایک عظیم کارنامہ ہے، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل احمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے کہا کہ میرے بزرگوں نے ہمیشہ عوام سے محبت و الفت کا رشتہ رکھا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی کی روحانی و سیاسی خدمات اور شہر کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کیے جانے والے ان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔