غیر مصدقہ پوسٹیں لگا کر عوام کو گمراہ کرنے والے شر پسند عناصر کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر فیصل احمد نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور سے مشاورت کا آغاز کر دیا
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) غیرقانونی کمرشل تعمیرات کے خلاف آپریشن رکوانے کے لیے مافیا کا فیک آئی ڈیز کے ذریعے سرکاری اداروں اور ملازمین کے خلاف پروپیگنڈا، چوری شدہ سرکاری ریکارڈ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا، غیر مصدقہ پوسٹس لگا کر عوام کو گمراہ کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کا متعلقہ حکام سے ملاقات کا فیصلہ، تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ فیصل احمد نے میونسپلیٹی حکام اور پولیس کی مدد سے اوچ شریف شہر اور گردونواح کے دیگر مقامات پر بلاتفریق آپریشن کرتے ہوئے بغیر نقشہ منظوری بنائی جانے والی غیرقانونی کمرشل تعمیرات کو موقع پر سیل کر دیا تھا، جب کہ درجنوں مالکان کو اپنی تعمیرات کی ریگولرائزیشن، نقشہ منظوری اور لاکھوں روپے کی سرکاری فیس خزانے میں جمع کرانے کے لیے نوٹسز جاری کیے تھے، اس موقع اسسٹنٹ کمشنر فیصل احمد اور انفورسمنٹ انسپکٹر جام سجاد ابراہیم جھلن نے متعدد سیل شدہ دکانوں، پلازوں کی کشادگی اور نوٹسز واپس لینے کے لیے مقامی بااثر سیاسی و کاروباری شخصیات کی سفارشوں اور دباؤ کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ہونے والی کارروائیاں ختم کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں فیک آئی ڈیز پر غیر مصدقہ پوسٹس کے ذریعے میونسپل کمیٹی اوچ شریف اور انفورسمنٹ انسپکٹر کے خلاف ایک منظم مہم کا آغاز ہو گیا، اس مہم کے تحت کچھ عرصہ قبل میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے چوری شدہ ریکارڈ اور پرسنل دستاویزات کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا گیا، سرکاری ملازمین اور اداروں کے خلاف غیر مصدقہ پوسٹس لگا کر عوام کو گمراہ کرنے والے عناصر کے خلاف ہتک عزت کے قانون کے تحت کارروائی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بہاول پور سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے جب کہ ریکارڈ چوری میں ملوث عناصر کے خلاف تادیبی کارروائی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ دریں اثنا عوامی سماجی شخصیات نے فیک آئی ڈیز کے ذریعے سرکاری اداروں کے خلاف پروپیگنڈے اور معززین کی پگڑیاں اچھالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔